ایران کے تقریباً ایک ارب ڈالر کے کرپٹو کرنسی فنڈ ضبط کرنے سے متعلق امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کے بیان پر ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے سخت جوابی حملہ کیا ہے۔ بقائی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر بیسنٹ کی ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں امریکی وزیر خزانہ ہنستے ہوئے ایرانی اثاثے ضبط کیے جانے کی تعریف کرتے نظر آ رہے ہیں۔
اس معاملے میں ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان نے پیر (8 جون) کو ’ایکس‘ پر شیکسپیئر کے ڈرامے ’میک بیتھ‘ کے جملوں کے ذریعہ بیسنٹ کے دعوے کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’اب اسے اپنا عہدہ اپنے اوپر ڈھیلا ڈھالا محسوس ہو رہا ہے، جیسے کسی بونے چور کے جسم پر کسی دیو قامت شخص کی چادر ہو۔‘‘
بقائی کا یہ رد عمل امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کے اس بیان کے جواب میں آیا ہے، جس میں انہوں نے کہا تھا کہ امریکہ نے ایران سے وابستہ تقریباً ایک ارب ڈالر کے کرپٹو کرنسی فنڈ ضبط کر لیے ہیں۔ انہوں نے اس کارروائی کو امریکہ کے ’آپریشن اکنامک فیوری‘ کا حصہ قرار دیا تھا، جس کا مقصد ایران کی مالی طاقت کو کمزور کرنا ہے۔
’فاکس بزنس‘ کے ایک پروگرام میں گفتگو کے دوران بیسنٹ نے کہا تھا کہ ’’ہم نے ایران کے تقریباً ایک ارب ڈالر کے کرپٹو فنڈ ضبط کر لیے ہیں۔ ہم نے براہ راست ان کے ڈیجیٹل والیٹس پر قبضہ کر لیا ہے۔‘‘ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائیوں اور اقتصادی پابندیوں نے ایران کو مالی بحران کی طرف دھکیل دیا ہے۔ امریکی وزیر خزانہ نے یہ بھی کہا کہ ایرانی عوام کا پیسہ اقتدار کے اعلیٰ حلقوں میں بیٹھے لوگ اپنے مفادات کے لیے استعمال کر رہے تھے۔
بیسنٹ کے مطابق ’آپریشن اکنامک فیوری‘ کے ذریعے ایران کے بینک اکاؤنٹس، بیرون ملک اثاثوں اور اقتصادی نیٹورک کو نشانہ بنایا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ اپنے یورپی اتحادیوں کے ساتھ مل کر ایران سے متعلق دیگر اثاثے بھی ضبط کرنے کی کارروائی کر رہا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایرانی قیادت ہر ماہ 40 سے 50 کروڑ ڈالر تک کی رقم مختلف ذرائع سے حاصل کر رہی تھی، لیکن امریکی اقدامات کے بعد ان آمدنی کے ذرائع پر بڑا اثر پڑا ہے۔
امریکہ کے ساتھ ممکنہ امن معاہدے کی شرائط کے تحت ایران نے مطالبہ کیا ہے کہ اس کے منجمد کیے گئے اثاثے بغیر کسی شرط کے واپس کیے جائیں۔ تہران کا کہنا ہے کہ یہ رقم ایرانی قوم کی جائز ملکیت ہے۔ ایرانی حکام نے منجمد رقوم کو کسی ’رعایت‘ کے طور پر پیش کرنے سے بھی انکار کیا ہے اور واضح کیا ہے کہ کسی بھی معاہدے پر دستخط ہوتے ہی منجمد اثاثوں کا کم از کم نصف حصہ ایران کو بلا تاخیر جاری کیا جانا چاہیے۔
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔































