
ایشیائی فٹبال کنفیڈریشن کے رکن شاجی پربھاکرن نے کہا ہے کہ فیفا عالمی کپ 2026 میں روایتی فٹبال ممالک کو برتری حاصل رہنے کا امکان ہے، کیونکہ ان کے پاس تجربہ، مضبوط ڈھانچہ اور عالمی سطح کے کھلاڑی موجود ہیں۔ قومی آواز کے کھیل پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسپین، پرتگال، برازیل، فرانس، جرمنی اور ارجنٹینا جیسی ٹیمیں بدستور بڑے دعوے داروں میں شامل ہیں۔
شاجی پربھاکرن کے مطابق پرتگال کے پاس تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں کا مؤثر امتزاج موجود ہے، جبکہ اسپین بھی مضبوط ٹیم کے طور پر سامنے آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ برازیل اور فرانس کے امکانات کو بھی نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ جرمنی کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ گزشتہ دو عالمی کپ اس کے لیے توقعات کے مطابق نہیں رہے لیکن ٹیم کے پاس صلاحیت کی کوئی کمی نہیں۔
انہوں نے ارجنٹینا کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ عالمی کپ جیتنے والی ٹیم کے متعدد کھلاڑی اب بھی اسکواڈ کا حصہ ہیں، اس لیے اگر وہی جذبہ اور عزم برقرار رہا تو وہ ایک بار پھر شاندار کارکردگی دکھا سکتے ہیں۔ ان کے مطابق عالمی کپ میں روایتی طاقتوں کا کردار اہم رہے گا، تاہم نئی ابھرتی ہوئی ٹیمیں بھی مقابلے کو دلچسپ بنا سکتی ہیں۔






