گجرات ٹائٹنز نے دوسرے کوالیفائر میں راجستھان رائلز کو 7 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل میں رسائی حاصل کی۔ کپتان شبھمن گل کی سنچری نے گجرات کی یک طرفہ جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ راجستھان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 20 اوور میں 6 وکٹ پر 214 رن بنائے۔ تعاقب کرتے ہوئے جی ٹی یعنی گجرات ٹائٹنزنے 18.4 اوورز میں 3 وکٹوں پر 219 رنز بنا کر فتح حاصل کی۔ گل نے ٹیم کی جانب سے سب سے زیادہ اننگز کھیلی، انہوں نے 53 گیندوں پر 15 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 104 رنز بنائے۔
گل کے ساتھ اوپننگ کرنے والے سائی سدرشن نے بھی شاندار اننگز کھیلی اور ففٹی اسکور کی۔ دونوں افراد نے پہلی وکٹ کے لیے (77 گیندوں پر) 167 رنز کی شراکت کے ساتھ ٹیم کے لیے تقریباً فتح پر مہر ثبت کی۔ سدرشن نے 32 گیندوں میں 8 چوکے اور 1 چھکا لگا کر 58 رنز بنائے۔ وہ پچھلے میچ کی طرح اس میچ میں بھی ہٹ وکٹ پر آؤٹ ہوئے۔ گجرات اب دوسرا فائنلسٹ بن گیا ہے۔ ٹیم فائنل میچ اتوار 31 مئی کو رائل چیلنجرز بنگلور کے خلاف کھیلے گی۔
راجستھان کے کپتان ریان پراگ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ 15 سالہ اوپنر ویبھو سوریاونشی نے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے 47 گیندوں پر 96 رنز بنائے جس میں 8 چوکے اور 7 چھکے شامل تھے۔ رویندرا جڈیجا نے 45 رنز بنائے جب کہ ٹیم کے باقی بلے باز زیادہ کچھ کرنے میں ناکام رہے۔
سوریاونشی اور جڈیجا کے علاوہ یشسوی جیسوال نے 01 رن، دھرو جورل نے 07 رن، کپتان ریان پراگ نے 11 رن، داسن شناکا نے 03 رن، جوفرا آرچر نے 07 رن بنائے اور ڈینووان فریرا نے 11 گیندوں میں 38رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔ فریرا کی اننگز میں 2 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔
تعاقب کے دوران گجرات کی شاندار بلے بازی دیکھنے میں آئی۔ گل اور سدرشن نے بڑی شراکت داری کی۔ ان کی دونوں وکٹیں گرنے کے بعد جوس بٹلر، واشنگٹن سندر اور راہل تیوتیا نے بقیہ کام کیا۔ سندر نے 16 رنز بنائے، بٹلر نے 09* رنز بنائے اور تیوتیا نے 17* رنز بنائے۔
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


































