سنٹرل بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن (سی بی ایس ای) نے بارہویں جماعت کے بورڈ امتحانات 2026 کے ریزلٹ جاری کر دیے ہیں۔ لاکھوں طلبہ کا انتظار اب ختم ہو گیا ہے۔ طلبہ اپنا ریزلٹ cbseresults.nic.in اور سی بی ایس ای کی آفیشیل ویب سائٹ پر جا کر چیک کر سکتے ہیں۔ نتائج کے اعلان کے ساتھ ہی طلبہ اور والدین کے درمیان جوش و خروش اور چہل پہل بڑھ گئی ہے۔
سی بی ایس ای کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں سال بارہویں بورڈ کے امتحان میں مجموعی طور پر 85.20 فیصد طلبہ کامیاب ہوئے ہیں۔ ریزلٹ میں لڑکیوں نے ایک بار پھر بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ لڑکیوں کے پاس ہونے کا فیصد 88.86 رہا، جبکہ لڑکوں کی کامیابی کا فیصد 82.13 درج کیا گیا۔ یعنی لڑکیوں نے لڑکوں کے مقابلے میں 6.73 فیصد بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ ریزلٹ جاری ہونے کے بعد ویب سائٹ پر ٹریفک میں بڑے اضافے کے امکان کو دیکھتے ہوئے بورڈ نے طلبہ کو ’ڈیجی لاکر‘ اور امنگ‘ ایپ استعمال کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ ان پلیٹ فارمز کے ذریعے طلبہ اپنی ڈیجیٹل مارک شیٹ اور دیگر ضروری دستاویزات آسانی سے ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔ سی بی ایس ای نے اسکولوں کو 6 ہندسوں کا ’سیکورٹی پِن‘ جاری کرنے کی ہدایت بھی دی تھی۔ اسی پِن کی مدد سے طلبہ ڈیجی لاکر پر اپنی ڈیجیٹل مارک شیٹ اور مائیگریشن سرٹیفکیٹ تک رسائی حاصل کر سکیں گے۔
ریزلٹ دیکھنے کے لیے طلبہ کو سب سے پہلے سی بی ایس ای ریزلٹ پورٹل پر جانا ہوگا۔ وہاں انہیں ’ CBSE Class 12th Result 2026‘ کا لنک دکھائی دے گا۔ اس کے بعد رول نمبر اور دیگر ضروری تفصیلات درج کر کے سبمٹ کرنا ہوگا۔ سبمٹ کرتے ہی اسکرین پر مارک شیٹ دکھائی دے گی۔ بورڈ نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ امتحان میں پاس ہونے کے لیے ہر مضمون میں کم از کم 33 فیصد نمبر حاصل کرنا لازمی ہے۔
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔



































