امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے اپنے مجوزہ بجٹ 2027 میں دفاعی اخراجات کو بڑھا کر 1.5 ٹریلین ڈالر تک لے جانے کی تجویز پیش کی ہے، جبکہ متعدد گھریلو پروگراموں کے فنڈز میں نمایاں کمی کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق یہ بجٹ پینٹاگون کے اخراجات میں تقریباً 44 فیصد اضافے اور غیر دفاعی شعبوں میں 10 فیصد کٹوتی کی عکاسی کرتا ہے، جو انتظامیہ کی عسکری ترجیحات کو واضح کرتا ہے۔
بجٹ ڈائریکٹر رسل ووٹ کے مطابق صدر ٹرمپ نے وعدہ کیا تھا کہ وہ قومی سلامتی کے ڈھانچے کو مضبوط بنائیں گے تاکہ ایک غیر یقینی اور خطرناک عالمی ماحول میں امریکہ کو محفوظ بنایا جا سکے۔ تاہم یہ بجٹ محض ایک تجویز ہے، جسے حتمی شکل دینے کا اختیار کانگریس کے پاس ہے، جو اسے منظور، مسترد یا اس میں ترمیم کر سکتی ہے۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق اس بجٹ میں دفاع، امیگریشن کے نفاذ اور عوامی تحفظ کو ترجیح دی گئی ہے۔ امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ (ICE) کے لیے فنڈنگ موجودہ سطح پر برقرار رکھنے کی تجویز ہے۔اس کے علاوہ محکمہ انصاف کے بجٹ میں 13 فیصد اضافہ تجویز کیا گیا ہے تاکہ پرتشدد جرائم پر قابو پایا جا سکے، جبکہ فضائی ٹریفک کنٹرول اور ہوا بازی کی سلامتی کے لیے بھی اضافی فنڈز رکھے گئے ہیں۔ واشنگٹن ڈی سی کے قومی پارکس کی تعمیر و مرمت کے لیے 10 ارب ڈالر کا فنڈ بھی تجویز کیا گیا ہے۔
ٹرمپ نے اپنی ترجیحات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ’’ہم جنگیں لڑ رہے ہیں، ہم ڈے کیئر نہیں چلا سکتے۔‘‘ ان کے مطابق امریکہ کے لیے بیک وقت جنگی اخراجات اور سماجی بہبود کے تمام پروگراموں کو سنبھالنا ممکن نہیں۔
اس بجٹ میں کئی گھریلو شعبوں میں کٹوتیوں کی تجویز ہے، جن میں سابق صدر جو بائیڈن کے دور میں منظور ہونے والے انفراسٹرکچر قانون سے 15 ارب ڈالر سے زائد کی منسوخی بھی شامل ہے، جس میں قابل تجدید توانائی اور ماحولیاتی منصوبے متاثر ہوں گے۔ مزید برآں، محکمہ زراعت میں 19 فیصد، ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈیولپمنٹ میں 13 فیصد، اور محکمہ صحت و انسانی خدمات میں تقریباً 12 فیصد کمی تجویز کی گئی ہے۔ کمیونٹی سپورٹ پروگرامز، جیسے رہائش اور روزگار سے متعلق گرانٹس، بھی اس کٹوتی سے متاثر ہوں گے۔ اطلاعات کے مطابق ریپبلکن رہنماؤں نے دفاعی اخراجات میں اضافے کا خیرمقدم کیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


































