دہلی ٹریفک پولیس نے دہلی-میرٹھ ایکسپریس وے کے لیے ٹریفک ایڈوائزری جاری کر دی ہے۔ ایکسپریس وے پر آئندہ 3 ماہ کے لیے مینٹیننس کام چل رہا ہے، جس وجہ سے یہاں آمد و رفت متاثر رہے گی۔ نیشنل ہائی وے اتھارٹی آف انڈیا (این ایچ اے آئی) کے ذریعہ کرائے جا رہے اس کام کی وجہ سے ایکسپریس وے پر مصروف اوقات (پیک آورس) میں جام کی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔
دہلی پولیس کی ایڈوائزری کے مطابق مینٹیننس کا کام 30 جون 2026 تک جاری رہے گا، جس کی وجہ سے شام 5 بجے سے رات 11 بجے تک ٹریفک پر سب سے زیادہ اثر پڑ سکتا ہے۔ اس دوران گاڑیوں کی رفتار آہستہ رہنے اور جام کی صورت بن سکتی ہے۔ فی الحال ایک کیریج وے پر مینٹیننس کا کام چل رہا ہے، لیکن جلد ہی دونوں کیریج وے پر کام کیا جائے گا۔ دہلی میرٹھ ایکسپریس وے پر غازی آباد اور میرٹھ کی جانب جانے والے حصے میں ٹریفک متاثر رہے گا۔ مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ متبادل راستے کے طور پر این ایچ-09 کا استعمال کریں، جس سے ٹریفک جام سے بچا جا سکے۔
دہلی پولیس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ٹریفک ایڈوائزری کے حوالے سے اتوار (29 مارچ) کو ایک پوسٹ کی تھی۔ دہلی پولیس نے اپنی ایڈوائزری میں کہا ہے کہ ’’سفر سے پہلے منصوبہ بنا لیں۔ مصروف اوقات میں ایکسپریس وے پر جانے سے بچیں۔ منزل تک پہنچنے کے لیے اضافی وقت رکھیں یا وقت سے قبل گھر سے نکلیں۔ ٹریفک پولیس کی ہدایات پر عمل کریں۔‘‘
ٹریفک پولیس نے لوگوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ مینٹیننس کے کام کے دوران تاخیر کے امکانات کو مدنظر رکھیں اور ٹریفک کے نظام کو برقرار رکھنے میں تعاون کریں۔ قابل ذکر ہے کہ اگر آپ کو تازہ اور ریئل-ٹائم ٹریفک اپڈیٹ چاہیے تو آپ دہلی ٹریفک پولیس کی آفیشل ویب سائٹ، ان کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمس یا ہیلپ لائن نمبر 1095 پر رابطہ کر معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔



































