
اکھلیش یادو نے الزام عائد کیا ہے کہ بی جے پی حکومت کا حقیقی معنوں میں کوئی بھی ایئرپورٹ چلانے کا یا اڑان منصوبہ کے تحت ہوائی جہاز اڑانے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، وہ تو صرف پیسہ کمانے کے لیے اس دھندے میں ہیں۔ ایک دیگر پوسٹ میں اکھلیش یادو نے پی ایم مودی کے ان تبصروں کا جواب دیا جو انھوں نے جیور ایئرپورٹ کا افتتاح کرتے وقت کیا تھا۔ پی ایم مودی نے اپنی تقریر کے دوران سماجوادی پارٹی پر الزام عائد کیا تھا کہ اس نے اپنے دور میں نوئیڈا کو ’لوٹ کا اے ٹی ایم‘ بنا دیا تھا۔ اس پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اکھلیش لکھتے ہیں کہ ’’ہماری ریاست میں مہمان بن کر آئے ہیں، ہم ان کو مہمان مان کر ہی احترام کے ساتھ وداع کریں گے۔ جانے والوں کی بات کا برا نہیں مانا جاتا ہے۔‘‘ انھوں نے یہ بھی لکھا ہے کہ ’’جب شکست سامنے نظر آنے لگتی ہے تو انسان کو نہ اپنے عہدہ کا احترام رہتا ہے، نہ ہی اپنے بیان پر قابو۔ عمر اور عہدہ کا احترام کرنا ہماری تہذیب میں شامل ہے، اور ہمیشہ رہے گا۔‘‘





