وزیر اعظم مودی کے دورۂ اسرائیل پر جے رام رمیش اور پرینکا گاندھی کی تنقید، غزہ معاملے پر واضح مؤقف کا مطالبہ

AhmadJunaidJ&K News urduFebruary 25, 2026361 Views


اسرائیل کے مجوزہ دورے سے قبل جے رام رمیش اور پرینکا گاندھی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو غزہ کی صورتحال پر کھل کر مؤقف اختیار کرنے کا مشورہ دیا ہے اور اسرائیلی قیادت سے قربت پر سوال اٹھایا ہے

<div class="paragraphs"><p>آئی اے این ایس</p></div><div class="paragraphs"><p>آئی اے این ایس</p></div>

i

user

وزیر اعظم نریندر مودی کے 25 اور 26 فروری کو طے شدہ اسرائیل کے سرکاری دورے سے قبل کانگریس کے سینئر رہنما جے رام رمیش اور پارٹی کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیانات کے ذریعے حکومت کے مؤقف پر سوالات اٹھائے ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے غزہ کی موجودہ صورتحال اور فلسطین کے حق میں ہندوستان کے تاریخی مؤقف کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم سے واضح اور دو ٹوک موقف اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔

جے رام رمیش نے اپنی پوسٹ میں یاد دلایا کہ بیس مئی 1960 کو پنڈت جواہر لال نہرو غزہ گئے تھے اور وہاں اقوام متحدہ کی ہنگامی فورس میں تعینات ہندوستانی دستے سے ملاقات کی تھی۔ انہوں نے یہ بھی لکھا کہ 29 نومبر 1981 کو ہندوستان نے فلسطین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ایک یادگاری ڈاک ٹکٹ جاری کیا تھا، جبکہ 18 نومبر 1988 کو فلسطینی ریاست کو باضابطہ طور پر تسلیم کیا گیا تھا۔

جے رام رمیش کے مطابق وہ ایک الگ دور تھا، جبکہ موجودہ وقت میں وزیر اعظم مودی اسرائیلی وزیر اعظم کے ساتھ اپنی قربت کو نمایاں کر رہے ہیں۔ انہوں نے اسرائیلی قیادت پر غزہ کو ملبے میں بدلنے اور مغربی کنارے میں بستیوں کی توسیع کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ جب دنیا تنقید کر رہی ہے تو ہندوستان کو اخلاقی جرات کا مظاہرہ کرنا چاہئے۔

پرینکا گاندھی نے اپنی پوسٹ میں امید ظاہر کی کہ وزیر اعظم مودی اسرائیل کی پارلیمنٹ کنیسٹ سے خطاب کے دوران غزہ میں معصوم مردوں، عورتوں اور بچوں کی ہلاکتوں کا ذکر کریں گے اور انصاف کا مطالبہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک آزاد قوم کی حیثیت سے ہندوستان کی تاریخ حق اور انصاف کے ساتھ کھڑے ہونے کی رہی ہے اور اسی روایت کو برقرار رکھا جانا چاہئے۔

یاد رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی 25 اور 26 فروری کو اسرائیل کے سرکاری دورے پر رہیں گے۔ یہ دورہ اسرائیلی وزیر اعظم بن یامین نیتن یاہو کی دعوت پر ہو رہا ہے۔ اس سے قبل سن 2017 میں نریندر مودی اسرائیل جانے والے پہلے ہندوستانی وزیر اعظم بنے تھے۔ موجودہ دورے کو دونوں ملکوں کے تعلقات کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے، تاہم اپوزیشن جماعتیں غزہ کی صورتحال کے پیش نظر حکومت کے مؤقف پر سوال اٹھا رہی ہیں۔


0 Votes: 0 Upvotes, 0 Downvotes (0 Points)

Leave a reply

Loading Next Post...
Search Trending
Popular Now
Loading

Signing-in 3 seconds...

Signing-up 3 seconds...