آسٹریلیا کے دورے پر ہندوستان کی خاتون کرکٹ ٹیم نے شاندار آغاز کرتے ہوئے ٹی-20 سیریز جیت لی ہے۔ ہرمن پریت کور کی کپتانی میں ہندوستانی ٹیم نے میزبان آسٹریلیا کو سیریز کے تیسرے اور آخری میچ میں 17 رنوں سے شکست دی۔ اس کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم نے 1-2 سے یہ سیریز اپنے نام کر لی اور 10 سالوں سے جاری انتظار کو ختم کر دیا۔ اس سے قبل ہندوستانی خواتین ٹیم نے 2016 میں آسٹریلیا کے خلاف ٹی-20 سیریز جیتی تھی۔ اس فتح کی اسٹار نائب کپتان اسمرتی مندھانا اور نوجوان اسپنر شرینکا پاٹل رہیں۔
ایڈیلیڈ میں 21 فروری کو کھیلے گئے اس مقابلے میں ہندوستانی ٹیم نے پہلے بلے بازی کی۔ ہندوستانی ٹیم کی شروعات اچھی نہیں رہی اور تیسرے اوور میں ہی سلامی بلے باز شیفالی ورما آؤٹ ہو گئیں۔ اس کے بعد اسمرتی مندھانا اور جمیما روڈرگز نے اننگ کو سنبھالا اور 121 رنوں کی بہترین شراکت داری قائم کی۔ اس دوران مندھانا نے صرف 55 گیندوں میں 82 رنوں کی شاندار اننگ کھیلی۔ جمیما (59) نے بھی نصف سنچری بنائی اور ٹیم کو 176 رنوں کے مضبوط اسکور تک پہنچایا۔ آسٹریلیا کی جانب سے اینابیل سدرلینڈ نے سب سے زیادہ 2 وکٹیں حاصل کیں۔
آسٹریلیا نے ہندوستانی اننگ کے آخری اوور میں صرف 3 رن دیے تھے اور پھر اپنی بلے بازی کا آغاز دھماکے دار انداز میں کیا۔ پہلے اوور میں ہی جارجیا وول کی بدولت ٹیم نے 18 رن سمیٹ لیے تھے۔ پھر دوسرے اوور میں ہی شرینکا پاٹل نے ان کا وکٹ حاصل کر لیا اور دیکھتے ہی دیکھتے 32 رنوں تک 3 وکٹیں گر گئیں۔ نائب کپتان ایشلے گارڈنر (57) نے ایک زبردست نصف سنچری بنائی، لیکن دوسری جانب سے زیادہ ساتھ نہیں ملا۔ اس دوران شرینکا اور اروندھتی ریڈی نے وقفے وقفے سے جھٹکے دیے اور آسٹریلیا 20 اوورس میں صرف 159 رنوں تک ہی پہنچ سکی۔ ہندوستان کی جانب سے شرینکا نے 22 رن دے کر 3 اور شری چرنی نے 32 رن دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔ ریڈی کو 2 کامیابیاں ملیں۔
اس کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم نے ’ملٹی فارمیٹ سیریز‘ (تینوں فارمیٹ ملا کر) میں 2-4 کی برتری حاصل کر لی ہے۔ اس سیریز کے بعد اب دونوں ٹیموں کے درمیان ونڈے سیریز کھیلی جائے گی اور پھر آخر میں ایک ٹیسٹ میچ بھی ہوگا۔ اس کے اختتام پر سب سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے والی ٹیم کو فاتح قرار دیا جائے گا۔ اس کے باوجود اگر صرف ٹی-20 کرکٹ کو دیکھا جائے تو 2016 کے بعد پہلی بار ہندوستان کی خاتون ٹیم نے آسٹریلیا کو سیریز میں شکست دی ہے۔ دوسری طرف اپنے گھر میں آسٹریلیا کو 2017 کے بعد پہلی بار کسی بھی ایک فارمیٹ کی سیریز میں ہار کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔




































