
ممبئی یونیورسٹی میں اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے منعقدہ ایک اجلاس میں ممتاز اداکار اور دانشور نصرالدین شاہ کی شرکت کو آخری وقت میں منسوخ کیے جانے کا معاملہ سرخیوں میں ہے، تعلیمی اور ادبی حلقوں میں یہ معاملہ موضوعِ بحث بنا ہوا ہے۔
ممبئی یونیورسٹی کے کالینا کیمپس میں ’اردو جلسہ‘ کے نام سے منعقد دو روزہ پروگرام کے ایک سیشن میں نصرالدین شاہ کو مدعو کیا گیا تھا لیکن عین وقت پر پروگرام سے چند گھنٹے قبل ہی انہیں اطلاع دی گئی کہ ان کی نشست منسوخ کر دی گئی ہے اور انہیں شرکت کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انتظامیہ نے ’سکیورٹی خدشات‘ کا حوالہ دیا، تاہم اس بات کی واضح وضاحت نہیں کی گئی کہ کون سے خطرات کا سامنا تھا۔






