
نئی دہلی: لوک سبھا میں قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے ملک بھر کے شہریوں سے فضائی آلودگی کے اثرات پر اپنی ذاتی کہانیاں اور تجربات سامنے لانے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ فضائی آلودگی اب صرف ماحولیاتی مسئلہ نہیں رہی بلکہ یہ صحتِ عامہ اور معیشت دونوں کے لیے ایک سنگین چیلنج بن چکی ہے، جس کا بوجھ روزانہ کروڑوں عام ہندوستانی برداشت کر رہے ہیں۔
راہل گاندھی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ فضائی آلودگی کی قیمت ملک اپنے شہریوں کی صحت اور معاشی نقصانات کی صورت میں ادا کر رہا ہے۔ ان کے مطابق بچے اور بزرگ اس مسئلے سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، جبکہ تعمیراتی مزدوروں اور دیہاڑی پر کام کرنے والے افراد کے روزگار پر بھی اس کے منفی اثرات واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔






