
سماعت کے دوران عدالت نے واضح کیا کہ کسی بھی مرکزی تفتیشی ایجنسی کی قانونی جانچ میں مداخلت کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ جسٹس پی کے مشرا نے حکم دیا کہ ای ڈی افسران کے خلاف درج تمام ایف آئی آر آئندہ سماعت تک معطل رہیں گی۔ اس کے ساتھ ہی عدالت نے ریاستی فریق کو ہدایت دی کہ سی سی ٹی وی فوٹیج، تلاشی کے دوران کی گئی ریکارڈنگ اور دیگر اسٹوریج ڈیوائسز کو محفوظ رکھا جائے، تاکہ شواہد کے ساتھ کسی قسم کی چھیڑ چھاڑ نہ ہو۔
ای ڈی کی جانب سے عدالت میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ چھاپہ ماری کے دوران بنگال پولیس کے اعلیٰ افسران اور بعد میں خود وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی موقع پر پہنچیں اور تفتیشی عمل میں رکاوٹ ڈالی۔ ای ڈی کا الزام ہے کہ اس دوران تفتیشی افسران کے لیپ ٹاپ، اہم دستاویزات اور موبائل فون زبردستی لے لیے گئے۔ ای ڈی نے ریاست کے ڈی جی پی راجیو کمار اور کولکاتا کے پولیس کمشنر منوج کمار ورما کے خلاف کارروائی اور فوری معطلی کا مطالبہ بھی کیا۔






