
قابل ذکر ہے کہ جیل میں قید عمر خالد کا معاملہ اب بین الاقوامی سطح پر پہنچ چکا ہے۔ حال ہی میں امریکہ کے شہر نیویارک کے میئر کے عہدہ پر فائز ہونے والے ظہران ممدانی نے بھی عمر خالد کا معاملہ اٹھایا ہے۔ دراصل انہوں نے عمر خالد کے نام ایک ذاتی، ہاتھ سے لکھا ہوا خط تحریر کیا ہے، جو گزشتہ دنوں منظر عام پر آیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ظہران ممدانی نے اپنے خط میں لکھا کہ وہ عمر خالد کے ان خیالات کو اکثر یاد کرتے ہیں جو انہوں نے قید کے دوران تلخی اور حوصلے کے بارے میں تحریر کیے تھے۔ خط میں اس بات کا بھی ذکر ہے کہ خالد کے والدین سے ملاقات انہیں خوشگوار محسوس ہوئی اور یہ کہ ’ہم سب آپ کو یاد کر رہے ہیں۔‘ اس جملے کو انسانی ہمدردی اور یکجہتی کے پیغام کے طور پر خاص اہمیت دی جا رہی ہے۔






