
نئی دہلی: عالمی منڈی میں تانبا، ایلومینیم اور نکل جیسی بنیادی دھاتوں کی قیمتوں میں تیز رفتار اضافہ گھریلو صارفین کے لیے مہنگائی کا سبب بن سکتا ہے۔ ان دھاتوں پر انحصار کرنے والی صنعتوں، خاص طور پر اے سی، باتھ فٹنگ، کچن کے آلات اور کک ویئر بنانے والی کمپنیوں پر لاگت کا دباؤ بڑھتا جا رہا ہے، جس کا اثر آئندہ دنوں میں صارفین تک پہنچنے کا امکان ہے۔
بین الاقوامی بازار میں ایلومینیم کی قیمت 3 ہزار ڈالر فی ٹن سے تجاوز کر گئی ہے، جو گزشتہ 3 برسوں کی بلند ترین سطح ہے، جبکہ تانبا 12 ہزار ڈالر فی ٹن کی آل ٹائم ہائی سطح کے پار پہنچ چکا ہے۔ ماہرین کے مطابق دھاتوں کی اس غیر معمولی تیزی نے مینوفیکچرنگ لاگت میں نمایاں اضافہ کیا ہے اور بہت سی کمپنیاں مزید بوجھ برداشت کرنے کی پوزیشن میں نہیں رہیں۔





