
نئی دہلی: دہلی کانگریس نے بی جے پی حکومت کی جانب سے متعارف کرائی جا رہی سرکاری ٹیکسی ایپ پر شدید اعتراضات اٹھاتے ہوئے اسے عوام کے ساتھ فریب اور انتظامی ناکامی قرار دیا ہے۔ دہلی کانگریس کے سینئر ترجمان ڈاکٹر نریش کمار نے کہا کہ یہ منصوبہ عوامی سہولت سے زیادہ ایک انتخابی حربہ اور تشہیری مہم کا حصہ معلوم ہوتا ہے۔
ڈاکٹر نریش کمار نے کہا کہ دہلی میں پہلے ہی نجی ٹیکسی خدمات کی بھرمار ہے اور ایسے میں نئی سرکاری ایپ متعارف کرانا حکومت کی اصل ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ ان کے مطابق دہلی میں بے روزگاری، آلودگی، خستہ حال عوامی ٹرانسپورٹ اور خواتین کی سلامتی جیسے بنیادی مسائل حل طلب ہیں، لیکن حکومت ان سنجیدہ امور پر توجہ دینے کے بجائے محض ناموں اور اعلانات کے ذریعے تاثر بنانے میں مصروف ہے۔




