
نئی دہلی: کانگریس نے اراولی پہاڑی سلسلے کے معاملے پر ایک بار پھر مودی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ پارٹی کا الزام ہے کہ مرکزی وزیر برائے ماحولیات، جنگلات اور موسمیاتی تبدیلی عوام کو گمراہ کر رہے ہیں اور اراولی کی نئی تعریف کے ذریعے بڑے پیمانے پر غیر قانونی کان کنی کی راہ ہموار کی جا رہی ہے۔
کانگریس کے جنرل سکریٹری اور سابق وزیر ماحولیات جئے رام رمیش نے ایک خبر کا حوالہ دیتے ہوئے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ایکس’ پر لکھا کہ اب یہ بات بالکل واضح ہو چکی ہے کہ اراولی کے معاملے پر مرکزی وزیر پوری سچائی بیان نہیں کر رہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کی جانب سے اراولی کی تعریف میں کی جانے والی مجوزہ تبدیلیوں کی نہ صرف جنگلاتی سروے بلکہ سپریم کورٹ کی جانب سے مقرر کردہ کمیٹیوں اور قانون دوست (ایمیکس کیوری) نے بھی سخت مخالفت کی ہے۔






