
آر جے ڈی کے ترجمان اعجاز احمد نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے الزام لگایا کہ حکومت بننے کے فوراً بعد سے ہی نتیش کمار اور سمراٹ چودھری اپنے اپنے سیاسی بیانیوں اور اقدامات کے ذریعے ایک دوسرے پر سبقت لینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کے مطابق جنتا دل یونائیٹڈ (جے ڈی یو) جہاں نئی این ڈی اے حکومت کے تحت نوکریاں، روزگار اور ترقیاتی منصوبوں کا اعلان کر رہی ہے، وہیں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) ریاست میں جرائم کی روک تھام کے نام پر 400 مبینہ مجرموں اور مافیا کے خلاف کارروائی کی فہرست منظرِ عام پر لا رہی ہے۔
اعجاز احمد کے مطابق بی جے پی کی یہ فہرست دراصل وزیر اعلیٰ نتیش کمار کے گڈ گورننس اور داخلی سلامتی کے دعووں کو چیلنج کرتی ہے، کیونکہ نتیش کمار گزشتہ 20 برس سے ریاست کے وزیر داخلہ کے طور پر بھی کام کرتے رہے ہیں۔ آر جے ڈی ترجمان نے کہا کہ اگر جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی نہ ہونے کی شکایت بی جے پی خود کر رہی ہے، تو یہ حکومت کی اندرونی بداعتمادی کا کھلا ثبوت ہے۔






