
راہل گاندھی نے اپنے بیان میں لکھا کہ آئین کمزور طبقات، غریبوں، محروموں اور پسماندہ طبقات کے لیے ایک حفاظتی ڈھال کی حیثیت رکھتا ہے، جو انہیں آواز، طاقت اور حقوق دیتا ہے۔ ان کے مطابق جب تک آئین محفوظ ہے، ہندوستانی شہریوں کے حقوق بھی محفوظ رہیں گے اور جمہوری ڈھانچہ مستحکم رہے گا۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ آئین کی روح، اصولوں اور اقدار کی حفاظت کے لیے متحد رہیں۔
راہل گاندھی نے کہا کہ ’’ہمیں یہ عہد کرنا چاہیے کہ آئین پر کسی بھی طرح کا حملہ برداشت نہیں کریں گے۔‘‘ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ اگر آئین کو ٹھوس انداز میں بچانے کی ضرورت پیش آئی تو وہ سب سے آگے کھڑے ہوں گے۔ آخر میں انہوں نے تمام ہندوستانیوں کو یومِ آئین کی مبارکباد دیتے ہوئے ’جے ہند، جے آئین‘ کے نعرے کے ساتھ اپنا پیغام مکمل کیا۔





