
نئی دہلی: دہلی کے تاریخی لال قلعہ میٹرو اسٹیشن کے قریب پیر کی شام ہونے والے خوفناک دھماکے نے راجدھانی کو ہلا کر رکھ دیا۔ عینی شاہدین کے مطابق، شام تقریباً 6:50 بجے ایک ہنڈائی آئی-20 کار میں زوردار دھماکہ ہوا، جس کے بعد آگ تیزی سے پھیل گئی اور قریب کھڑی کم از کم 6 گاڑیاں اور کئی آٹو رکشے بھی شعلوں کی لپیٹ میں آ گئے۔ اس ہولناک واقعے میں 8 افراد ہلاک ہو گئے جبکہ متعدد شدید زخمی حالت میں اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔
آج تک کی رپورٹ کے مطابق، آج منگل کی صبح وزارتِ داخلہ میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس طلب کیا گیا ہے۔ اس میٹنگ کی صدارت وزیر داخلہ امت شاہ کریں گے، جس میں خفیہ بیورو (آئی بی) کے سربراہ، داخلہ سکریٹری، دہلی پولیس کمشنر، اسپیشل سکریٹری (اندرونی سلامتی) اور دیگر سینئر افسران شریک ہوں گے۔ اجلاس صبح ساڑھے نو بجے کے بعد شروع ہوگا، جس میں داخلی سلامتی کی موجودہ صورتحال اور دھماکے کی تحقیقات کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی غور و خوض کیا جائے گا۔






