
مہاراشٹر میں کسانوں نے ایک بار پھر قرض معافی کے مطالبے کے ساتھ تحریک کا آغاز کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں مہاراشٹر کے ناگپور میں آج دوسرے روز بھی کسانوں کا احتجاج جاری ہے۔ سابق وزیر اور پرہار پارٹی کے لیڈر بچو کڈو کی قیادت میں احتجاج کر رہے کسانوں نے ناگپور کو حیدرآباد سے جوڑنے والی قومی شاہراہ 44 کو بند کر دیا ہے۔
خبروں کے مطابق احتجاجی کسان امراوتی سے چل کر ناگپور پہنچے ہیں، حالانکہ پولیس نے اس مارچ کو ناگپور بارڈر پر روک دیا ہے اور ناگپور میں واقع وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پر سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ کسانوں کا الزام ہے کہ بار بار وعدوں کے باوجود حکومت کسانوں کے قرضے معاف نہیں کر رہی ہے۔ حکومت نے خشک سالی کا سامنا کرنے والے کسانوں کو بھی مناسب مدد فراہم نہیں کی ہے۔






