
مدھیہ پردیش کی راجدھانی بھوپال اور ضلع گوالیار میں کیلشیم کاربائیڈ سے بننے والی خطرناک ’کاربائیڈ گن‘ پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ یہ فیصلہ ان واقعات کے بعد لیا گیا، جن میں ان ’کھلونوں‘ کے دھماکے سے کئی بچوں اور نوجوانوں کی آنکھیں متاثر ہوئیں۔ انتظامیہ نے اس پابندی کو فوری اثر سے نافذ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی وارننگ دی ہے۔
بھوپال کے کلکٹر کوشلیندر وکرم سنگھ نے جاری کردہ حکم نامے میں کہا ہے کہ کوئی بھی شخص دھماکہ خیز مواد یا پٹاخوں کا استعمال کرتے ہوئے ایسی کاربائیڈ گن تیار، اکٹھی یا فروخت نہیں کرے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ لوہے، اسٹیل یا پی وی سی پائپ میں دھماکہ خیز مادہ بھر کر تیز آواز پیدا کرنے والے یہ آلات غیر قانونی ہیں اور ان سے انسانی جان و صحت کو سنگین خطرہ لاحق ہے۔





