
ٹرمپ نے خاص طور پر ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہونے والے تصادم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت دونوں ممالک کے درمیان حالات نہایت کشیدہ تھے۔ انہوں نے بتایا، ’’جب میں نے دیکھا کہ دونوں ملکوں کے لڑاکا طیارے تباہ ہو رہے ہیں اور جنگ کا خطرہ بڑھ رہا ہے، تو میں نے دونوں رہنماؤں سے رابطہ کیا۔ میں نے سخت لہجے میں کہا کہ اگر جنگ نہیں رکی تو امریکہ ان کی اشیا پر 200 فیصد ٹیرف لگا دے گا۔‘‘ ٹرمپ کے مطابق، اگلے ہی دن دونوں ملکوں نے کشیدگی کم کرنے کا فیصلہ کیا اور تصادم کی شدت میں نمایاں کمی آئی۔
سابق صدر نے کہا کہ ان کی پالیسیوں نے محض جنوبی ایشیا میں ہی نہیں بلکہ دنیا کے دیگر خطوں میں بھی جنگوں کو روکنے میں مدد کی۔ ان کا کہنا تھا، ’’میں نے 8 مہینوں میں 8 جنگیں رکوا دیں۔ شاید ہی کسی امریکی صدر نے اتنے قلیل وقت میں ایسا کیا ہو۔‘‘ انہوں نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ ان کے ٹیرف کی دھمکی نے کئی ممالک کو جارحانہ اقدامات سے روکے رکھا۔






