
دہلی کی فضا میں آلودگی بڑھنے کی ایک بڑی وجہ پرالی جلانا بھی بتائی جا رہی ہے۔ ڈسیژن سپورٹ سسٹم (ڈی ایس ایس) کے مطابق بدھ کو فضائی آلودگی میں سب سے بڑا حصہ ٹرانسپورٹ کے دھوئیں کا رہا جو کل آلودگی کا تقریباً 16.7 فیصد ہے۔ سیٹلائٹ تصاویر کے مطابق 6 ریاستوں میں بدھ کو پرالی جلانے کے 136 واقعات درج کیے گئے جن میں اترپردیش میں 46، پنجاب میں 11، ہریانہ میں 7 اور خود دہلی میں ایک واقعہ شامل ہے۔
محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) نے بتایا کہ بدھ کو دہلی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 32.5 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم 18.3 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو معمول سے بالترتیب 0.7 اور 1.3 ڈگری کم ہے۔ جمعرات کے لیے موسم عام طور پر صاف رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 17 اور زیادہ سے زیادہ 32 ڈگری کے آس پاس رہنے کی امید ہے۔






