
الیکشن کمیشن کے مطابق ملک کی 12 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اب تک 99.25 فیصد ای ایف تقسیم ہو چکے ہیں۔ یہ پورا عمل 4 نومبر سے 4 دسمبر تک جاری رہے گا۔ کمیشن نے بتایا کہ اس سال مجموعی طور پر 50.97 کروڑ اہل ووٹروں کو یہ فارم فراہم کیے جانے تھے، جن میں سے 50.59 کروڑ فارم پہلے ہی پہنچا دیے گئے ہیں یعنی ہدف تقریباً حاصل کر لیا گیا ہے۔
ای ایف کی تقسیم کے ساتھ ساتھ ان کا ڈیجیٹل ریکارڈ تیار کرنا بھی عمل کا اہم حصہ ہے۔ کمیشن کے مطابق اب تک 32.23 کروڑ فارم آن لائن سسٹم میں محفوظ کیے جا چکے ہیں، جس سے مجموعی ڈیجیٹل شرح 63.23 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ انتخابی حکام کے مطابق ڈیجیٹل اندراج مستقبل میں انتخابی فہرستوں کی درستگی، بروقت اپ ڈیٹ اور جعلی یا دہرے ناموں کی نشاندہی میں اہم کردار ادا کرے گا۔





