پاکستانی ہندوؤں کو ہندوستانی شہریت دیے جانے کا سلسلہ تیزی کے ساتھ جاری ہے۔ گزشتہ ماہ گجرات حکومت نے 185 پاکستانی ہندوؤں کو ’سی اے اے‘ (شہریت ترمیمی قانون) کے تحت ہندوستانی شہریت دی تھی، اور اب 7 اگست کو راجستھان حکومت نے 10 پاکستانی ہندوؤں کو ہندوستان کی شہریت کا سرٹیفکیٹ دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق راجستھان کی بھجن لال حکومت نے ان 10 پاکستانی ہندوؤں کو شہریت کا سرٹیفکیٹ دیا ہے جو برسوں سے ہندوستانی شہریت حاصل کرنے کے لیے بے تاب تھے۔ کہا جا رہا ہے کہ ہندوستانی شہریت کا سرٹیفکیٹ ملنے کے بعد سبھی پاکستانی مہاجر ہندوؤں کے چہرے پر خوشی اور سکون صاف دکھائی دے رہا تھا۔
جمعرات (7 اگست) کو راجستھان حکومت میں انچارج وزیر جوگارام پٹیل اور ضلع کلکٹر ڈاکٹر جتیندر کمار سونی نے 10 مہاجر پاکستانی ہندوؤں کو ہندوستانی شہریت کا سرٹیفکیٹ سونپا۔ سنگیتا اور ہری چند بھی اس دن کا بے صبری سے انتظار کر رہے تھے۔ اب یہ دونوں شوہر-بیوی ہندوستانی شہری ہیں۔ ان کے علاوہ سنتوش، سنیت اور راج کماری تینوں بھائی بہن بھی اب ہندوستانی باشندے کہلائیں گے۔ چمیلی، مکیش، کلیاں دیوی، کنور لال، کھیانا ماہیشوری… یہ سب بھی ان لوگوں میں شامل ہیں جو ہندوستانی شہریت حاصل کرنے کو اپنی بہت بڑی جیت تصور کر رہے ہیں۔
ہندوستانی شہریت کا سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے بعد ایک شخص نے کہا کہ ’’یہ دن ہماری زندگی کا سب سے اہم دن ہے۔ اب ہمیں کوئی ہندوستان کا مہمان نہیں کہے گا۔ ہم اب ہندوستانی کہلائیں گے۔ بچوں کا اسکول میں داخلہ ہو یا اسپتال میں علاج کی ضرورت ہو، اب کہیں دقت نہیں ہوگی۔ اب ہم بھی کہہ سکیں گے کہ ہم ہندوستان کے باشندے ہیں۔‘‘ ایک دیگر شخص نے کہا کہ ’’ہندوستانی شہریت کا سرٹیفکیٹ نہیں ہونے کے سبب ہمیں سرکاری منصوبوں کا فائدہ بھی نہیں مل پا رہا تھا۔ لیکن اب ہندوستانی شہریت ملنے کے بعد نہ صرف ہمیں پہچان ملی ہے، بلکہ اب سرکاری منصوبوں کی مدد سے ہم بھی اپنے کنبہ کی پرورش بہتر انداز میں کر پائیں گے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔