
اس معاملے کی سماعت چیف جسٹس سوریہ کانت اور جسٹس جوی مالیا باگچی پر مشتمل بنچ کرے گی۔ سپریم کورٹ کے سامنے اس وقت یو جی سی کے نئے ضوابط کے خلاف مجموعی طور پر تین عرضیاں زیرِ غور ہیں، جن میں ضوابط کی بعض دفعات پر سنگین سوالات اٹھائے گئے ہیں اور انہیں آئین میں دیے گئے مساوات کے اصول سے متصادم بتایا گیا ہے۔
پہلی عرضی سماجی کارکن اور صنعت کار راہل دیوان کی جانب سے داخل کی گئی ہے۔ ان کے وکیل پارتھ یادو نے بدھ کے روز چیف جسٹس کے سامنے اس معاملے کا فوری طور پر ذکر کیا تھا۔ وکیل کی جانب سے دلیل دی گئی کہ موجودہ شکل میں اگر یہ ضوابط نافذ ہوئے تو مساوات کے بجائے ایک نئی قسم کا امتیاز پیدا ہونے کا خدشہ ہے۔ اس پر چیف جسٹس سوریہ کانت نے عرضی میں موجود تکنیکی خامیوں کو دور کرنے کی ہدایت دی تھی تاکہ معاملے کو جلد سماعت کے لیے درج کیا جا سکے۔





