مشہور یو ٹیوبر اور سوشل میڈیا سلیبریٹی ایلوش یادو کے گھر پر فائرنگ کی خبر ہے۔ ہریانہ کے گروگرام میں ان کے گھر پر فائرنگ ہوئی ہے جس میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ہے۔ یہ واقعہ صبح 5 بجے کا بتایا جا رہا ہے، جب بائک سوار بدمعاشوں نے ایلوش یادو کے گھر پر 25 سے 30 راؤنڈ گولیاں برسائیں۔ ایلوش کے گھر پر گولیاں چلنے کی خبر کے بعد پولیس موقع پر پہنچی اور جانچ شروع کی۔ گروگرام پولیس کے مطابق 3 بدمعاشوں نے ایلوش کے گھر پر گولی چلانے کی حرکت کی ہے۔
’ٹی وی 9 بھارت ورش‘ کی خبر کے مطابق ایلوش یادو کے گھر پر ہوئی فائرنگ کی ذمہ داری بھاؤ گینگ کے گینگسٹر نیرج فرید پور اور بھاؤ ریتولیا نے لی ہے۔ اس بات کی جانکاری گینگ نے سوشل میڈیا کے ذریعہ دی۔ فائرنگ کرنے کی وجہ بتاتے ہوئے انہوں نے پوسٹ میں لکھا کہ ایلوش نے بیٹنگ ایپ کو پرموٹ کرکے کئی گھر برباد کر دیے ہیں۔
پوسٹ میں آگے لکھا ہے، ’’جو بھی سوشل میڈیا کے کیڑے ہیں، سب کو وارننگ دیتا ہوں کہ جو بھی سٹے کا پرموشن کرتا مل جائے گا، اس کے پاس کال یا گولی کبھی بھی آ سکتی ہے۔ گینگ نے کہا کہ جو بھی سٹے والے ہیں، تیار رہو، فی الحال اس پوسٹ کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ ایلوش یادو ایک سوشل میڈیا سینسیشن ہیں۔ وہ یو ٹیوب پر بلاگ ویڈیوز بناتے رہتے ہیں۔ انہیں بگ باس او ٹی ٹی 2 میں بھی دیکھا گیا تھا۔ اس شو میں انہوں نے وائلڈ کارڈ اینٹری لی تھی اور فاتح بنے تھے۔ ویسے ایلوش کا تنازعوں سے پرانا ناطہ رہا ہے۔ ایلوش نے ایک مرتبہ ہوٹل میں ایک فین کو تھپڑ مارا تھا جس کی وجہ سے وہ مشکل میں پھنس گئے تھے۔ ساتھ ہی ان پر ریو پارٹی میں سانپ کا زہر سپلائی کرنے کا بھی الزام لگا تھا۔ اس وجہ سے انہیں جیل بھی جانا پڑا تھا، ابھی وہ ضمانت پر باہر ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔