نئی دہلی: صدر جمہوریہ ہند دروپدی مرمو نے یومِ آزادی کے موقع پر مسلح افواج اور سنٹرل آرمڈ پولیس فورسز کے جوانوں کی شجاعت اور خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے کل 127 سپاہیوں کو بہادری کے ایوارڈ دینے کا اعلان کیا، جبکہ 40 دیگر اہلکاروں کو نمایاں خدمات پر ممتاز سروس ایوارڈ سے نوازنے کا فیصلہ کیا گیا۔
اعلان کے مطابق بہادری کے اعزازات میں چار کو کیرتی چکر، 15 کو ویر چکر اور 16 کو شوریہ چکر دینے کی منظوری دی گئی۔ ویر چکر حاصل کرنے والوں میں ہندوستانی فضائیہ کے نو وہ جری پائلٹ شامل ہیں جنہوں نے آپریشن سندور کے دوران غیر معمولی جرأت کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کے فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا۔ ہندوستانی فضائیہ کی اس کامیاب کارروائی نے دشمن کی جارحیت کا بھرپور جواب دیتے ہوئے اس کے حوصلے پست کر دیے۔