ہند-تبت بارڈر پولیس (آئی ٹی بی پی) نے اپنی کوہ پیمائی تاریخ میں ایک بے مثال کامیابی حاصل کر لی ہے۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ آئی ٹی بی پی کی خواتین پر مشتمل کوہ پیما ٹیم نے کارگل کے ماؤنٹ نُن پر ہندوستانی پرچم لہرا دیا ہے۔ ماؤنٹ نُن 7135 میٹر اونچائی پر واقع ہے، جو کہ نُن-کُن پہاڑی سلسلہ ہے۔ یہ کامیابی اونچی ہمالیائی مہموں میں آئی ٹی بی پی کی روشن روایت میں ایک سنگ میل ہے۔
آئی ٹی بی پی کی طرف سے دی گئی جانکاری کے مطابق یہ مہم 3 جولائی 2025 کو شروع ہوئی جب آئی ٹی بی پی ہیڈکوارٹر، نئی دہلی سے راہل رسگوترا آئی پی ایس، ڈائریکٹر جنرل، آئی ٹی بی پی کے ذریعہ ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کی گئی۔ آئی ٹی بی پی کے ذریعہ جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ٹیم نے لداخ کے لیہہ میں تقریباً ایک ماہ کی سخت تربیت حاصل کی، جس میں ہم آہنگی (Acclimatization) اور تکنیکی تیاری شامل رہی۔
جاری بیان کے مطابق 13 اگست 2025 کو صبح 9.25 بجے فرسٹ روپ ٹیم (7 کوہ پیما اور 3 تکنیکی رکن) نے ماؤنٹ نُن کے اعلیٰ مقام پر کامیابی کے ساتھ چڑھائی مکمل کی۔ اس کے لیے یہ ٹیم اونچائی پر موجود کیمپ سے 12 اگست کی شب روانہ ہوئی تھی۔ بیان میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ 14 اگست 2025 کو صبح 8.50 بجے سیکنڈ روپ ٹیم (7 کوہ پیما اور 2 تکنیکی رکن) نے اعلیٰ مقام پر پہنچ کر یہ تاریخی کامیابی حاصل کی۔
قابل ذکر ہے کہ جموں و کشمیر ریاست کا سب سے اونچا پہاڑ ماؤنٹ نُن ایک مشکل ترین اونچائی رکھتا ہے جہاں چڑھائی کرنا خطرے سے خالی نہیں۔ یہ مقام اپنے کھڑے برف والے حصہ، چاقو دھار جیسے راستوں، شگاف سے بھرے گلیشیر، کھڑی برفیلی دیواروں اور اچانک بدلنے والے موسم کے لیے جانا جاتا ہے۔ آئی ٹی بی پی نے اپنے بیان میں بتایا ہے کہ یہ 8000 کلومیٹر اونچائی والی مہموں کے لیے ایک منظور شدہ تربیتی پہاڑ ہے، جس میں غیر معمولی صبر، تکنیکی ہنر اور حکمت عملی پر مبنی منصوبہ کی ضرورت ہوتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔