ہدف کے تعاقب میں ہندوستانی ٹیم نے پراعتماد انداز اپنایا اور 15.5 اوور میں ہی کامیابی حاصل کر لی۔ اوپنرز ابھیشیک شرما اور شبھمن گل نے 5.2 اوور میں 60 رن کی شراکت قائم کر کے مضبوط بنیاد فراہم کی۔ ابھیشیک شرما نے 18 گیندوں پر 35 رن بنائے، جبکہ گل 28 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد تلک ورما نے 25 رن اور شیوم دوبے نے 10 رن کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو ہدف تک پہنچا دیا۔
میچ کے بعد عرشدیپ سنگھ کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے بنیادی باتوں پر توجہ دی، گیند کو درست جگہ پر پچ کیا اور موسم و پچ کی مدد سے فائدہ اٹھایا۔ انہوں نے یہ اعزاز اپنی 10 ماہ کی بھتیجی کے نام کرنے کا اعلان بھی کیا۔
واضح رہے کہ سیریز کا پہلا میچ ہندوستان نے کٹک میں 101 رن سے جیتا تھا، جبکہ دوسرا مقابلہ چنڈی گڑھ میں جنوبی افریقہ کے نام رہا۔ اب سیریز کے بقیہ 2 میچ 17 دسمبر کو لکھنؤ اور 19 دسمبر کو احمد آباد میں کھیلے جائیں گے۔






