وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندوستانی خلائی مسافر شبھانشو شکلا سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ بات چیت کی۔ خلا میں موجود شبھانشو سے انھوں نے کہا کہ ’’آپ آج مادر وطن ہندوستان کی سرزمین سے بہت دور ہیں، لیکن ہندوستانیوں کے دلوں کے سب سے قریب ہیں۔ آپ کے نام میں بھی ’شُبھ‘ ہے، آپ کا سفر بھی نئے دور کا ’شُبھ آرمبھ‘ (مبارک شروعات) ہے۔ میرے ساتھ 140 کروڑ ہندوستانیوں کے جذبات ہیں۔ میری آواز میں تمام ہندوستانیوں کا جوش و جذبہ شامل ہے۔‘‘ ساتھ ہی وزیر اعظم نے کہا کہ ’’خلا میں ہندوستان کا جھنڈا لہرانے کے لیے آپ کو دلی مبارک باد اور نیک خواہشات پیش کرتا ہوں۔‘‘
بات چیت کے دوران وزیر اعظم مودی نے ہندوستانی خلاباز سے پوچھا کہ خلا میں سب کچھ ٹھیک ہے؟ اس کے جواب میں شبھانشو نے کہا کہ بہت اچھا لگ رہا ہے، میرے لیے یہ ایک بہت ہی نیا تجربہ ہے۔ زمین سے مدار تک کا میرا یہ سفر 400 کلومیٹر کی دوری پر مشتمل ہے۔ مجھے لگتا ہے کہ یہ صرف میرا ہی نہیں بلکہ تمام ہندوستانیوں کا سفر ہے۔ میرے لیے یہ بہت بڑی کامیابی ہے۔ وزیر اعظم مودی نے سوال کیا کہ آپ جو گاجر کا حلوہ اپنے ساتھ لے گئے ہیں، کیا اسے ساتھیوں کو کھلایا؟ جواب میں شبھانشو نے کہا کہ میں اپنے ساتھ کچھ چیزیں لے کر آیا تھا، جس میں گاجر اور مونگ کا حلوہ بھی شامل تھا۔ ہم تمام نے ایک ساتھ بیٹھ کر اس کا ذائقہ چکھا۔
وزیر اعظم مودی نے شبھانشو سے کئی سوال کیے، جن میں سے ایک سوال یہ بھی تھا کہ خلا کی وسعت دیکھ کر سب سے پہلے آپ کے ذہن میں کیا خیال آیا؟ جواب میں شبھانشو نے کہا کہ ’’خلا میں پہنچنے کے بعد سب سے پہلا نظارہ زمین کا تھا۔ خلا سے پوری زمین ایک طرح دکھائی دیتی ہے۔ اوپر سے دیکھنے میں ایسا لگتا ہے کہ زمین پر کوئی بارڈر نہیں ہے۔ ہاں، ہندوستان حقیقی معنوں میں عظیم الشان نظر آتا ہے۔‘‘ پھر وزیر اعظم نے پوچھا کہ آپ طویل ٹریننگ کے بعد وہاں پہنچے ہیں، وہاں کے حالات کتنے مختلف ہیں؟ اس کے جواب میں ہندوستانی خلاباز نے کہا کہ ’’یہاں تو سب کچھ مختلف ہے۔ یہاں آتے ہی سب کچھ بدل گیا۔ یہاں کشش ثقل نہیں ہے، اس لیے چھوٹی چھوٹی چیزیں بھی مشکل ہو جاتی ہیں۔ پانی پینا، پیدل چلنا اور سونا بہت بڑا چیلنج ہے۔ ٹریننگ اچھی ہے، لیکن ماحول بدلتا ہے تو ایڈجسٹ کرنے میں ایک دو دن کا وقت لگتا ہے۔‘‘
وزیر اعظم مودی نے کہا کہ مجھے آپ کے اہل خانہ سے ملنے کا موقع ملا تھا۔ میں جانتا ہوں کہ آپ کے ذمہ بہت کام ہے۔ آج میں یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ یہ ہندوستان کے گگن یان مشن کی کامیابی کا پہلا باب ہے۔ آپ کا یہ پہلا خلائی سفر صرف خلا تک ہی محدود نہیں ہے، بلکہ یہ ہمارے ترقی یافتہ ہندوستان کو ایک رفتار اور نئی طاقت دے گا۔ ہندوستان دنیا کے لیے خلا کے نئے امکانات کے دروازے کھولنے جا رہا ہے۔ اب ہندوستان صرف پرواز نہیں بھرے گا، بلکہ مستقبل میں نئی پروازوں کے لیے پلیٹ فارم بھی تیار کرے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔