راجستھان کے چورو علاقہ میں بدھ کی صبح ہندوستانی فضائیہ کا ایک جیگوار طیارہ حادثہ کا شکار ہو گیا۔ یہ حادثہ رتن گڑھ کے بھانودا بیداوتان گاؤں میں پیش آیا، جہاں ملبہ سے 2 لاشیں برآمد ہوئی ہیں۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ایک لاش پائلٹ کا ہے، جبکہ ایک دیگر سوار کا ہو سکتا ہے۔ فضائیہ کی ٹیم معائنہ کرنے کے لیے جائے حادثہ پر پہنچ چکی ہے۔
اس حادثہ کی جانکاری مقامی لوگوں نے پولیس کو دی۔ جانکاری ملتے ہی پولیس کی ایک ٹیم فوراً جائے حادثہ پر پہنچ گئی تاکہ علاقے کو محفوظ کیا جا سکے اور آگے کی جانچ میں مدد مل سکے۔ فی الحال پائلٹ کی شناخت اور طیارہ کی تفصیلات سے متعلق کوئی آفیشیل جانکاری سامنے نہیں آئی ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ چورو کے رتن گڑھ تحصیل کے سرحدی گاؤں بھانودا بیداوتان میں طیارہ حادثہ ہونے کے بارے میں مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ سیکرالی روڈ پر چارنان محلہ کے پاس واقع بیڑ میں آسمان سے جلتا ہوا طیارہ گرا۔ اس کے تقریباً 200 فیٹ کے دائرے میں جگہ جگہ طیارہ کے جلتے ہوئے کئی ٹکڑے گرے ہوئے ہیں۔
مقامی لوگوں کے مطابق طیارہ میں سوار لوگوں کی لاشوں کے ٹکڑے بھی آس پاس بکھر گئے ہیں۔ بھانودا گاؤں ہی نہیں، آس پاس کے گاؤں سے بھی بڑی تعداد میں دیہی عوام جائے وقوع پر پہنچ گئے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ایک جنگی طیارہ جلتا ہوا آ کر گرا ہے، جس میں غالباً ایک یا دو لوگ سوار تھے۔
قابل ذکر ہے کہ گزشتہ چند ماہ میں جیگوار کے حادثہ زدہ ہونے کے کئی معاملے سامنے آ چکے ہیں۔ اس سے قبل 2 اپریل کو گجرات کے جام نگر کے پاس ہندوستانی فضائیہ کا جیگوار طیارہ حادثہ کا شکار ہو گیا تھا۔ فضائیہ کا یہ ڈیپ پینٹریشن اسٹرائیک، فائٹر جیگوار تھا۔ یہ حادثہ دیر شب 9.30 بجے پیش آیا تھا۔ یہ جیگوار ٹوئن سیٹر ٹرینر ایئرکرافٹ تھا اور اس میں 2 پائلٹ سوار تھے۔ حادثہ میں ایک پائلٹ کی موت ہو گئی تھی، جبکہ دوسرا بچ گیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔