
ابتدائی تعلیم مکمل کرنے کے بعد شبانہ نے سینٹ زیویئر کالج دہلی سے گریجویشن کیا اور پھر پونے فلم انسٹی ٹیوٹ میں داخلہ لیا۔ وہیں سے انہوں نے اداکاری کی باقاعدہ تربیت حاصل کی اور تھیٹر سے وابستگی اختیار کی۔ 1973 میں وہ ممبئی آئیں اور جلد ہی فلمی دنیا میں قدم رکھا۔
ان کی پہلی فلم فاصلے ابھی ریلیز نہ ہوئی تھی کہ شیام بینیگل کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم انکور منظر عام پر آ گئی۔ 1974 میں ریلیز ہونے والی یہ فلم حقیقی واقعے پر مبنی تھی، جس میں شبانہ نے ایک دیہاتی لڑکی لکشمی کا کردار ادا کیا۔ یہ کردار اس وقت کسی بھی نئی اداکارہ کے لیے خطرہ بن سکتا تھا، مگر شبانہ نے اسے چیلنج سمجھ کر قبول کیا۔ ان کی سادہ اور حقیقت پسندانہ اداکاری نے ناقدین اور ناظرین دونوں کو متاثر کیا اور فلم سپر ہٹ ثابت ہوئی۔ اس فلم پر انہیں بہترین اداکارہ کا پہلا قومی ایوارڈ ملا۔






