ملک کی کئی ریاستوں میں مانسون نے دستک دے دی ہے اور کئی ریاستوں کو ابھی بھی اس کا انتظار ہے۔ مانسون سے پہلے پری مانسون کی وجہ سے ملک کے کئی علاقوں میں اُمس بڑھ گئی ہے۔ دہلی-این سی آر کی بات کی جائے تو یہاں منگل کی رات ہوئی بارش کے بعد اُمس میں کافی زیادہ اضافہ ہوا ہے۔ وہیں پہاڑوں پر ہو رہی موسلا دھار بارش کی وجہ سے آفت آئی ہوئی ہے۔ کیدار ناتھ، بدری ناتھ اور گنگوتری میں مسلسل ہو رہی بارش کی وجہ سے کئی جگہوں پر لینڈ سلائڈ کے واقعات پیش آئے ہیں۔ ہماچل پردیش اور گجرات میں بارش اور سیلاب نے قہر برپا کیا ہوا ہے جبکہ اتر پردیش اور بہار میں بارش ہونے سے لوگوں کو گرمی سے تھوڑی راحت ملی ہے۔ محکمہ موسمیات نے 29 ریاستوں میں بارش کا امکان ظاہر کرتے ہوئے الرٹ جاری کیا ہے۔
دہلی-این سی آر کے لوگوں کو آنے والے دنوں میں موسم میں کافی تبدیلی دیکھنے کو ملے گی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق 26 جون سے دہلی-این سی آر میں بارش کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے جو یکم جولائی تک جاری رہ سکتا ہے، لیکن اُمس سے راحت ملنے کی امید کم ہے۔ آج (26 جون) صبح کے وقت خصوصی وارننگ جاری کی گئی ہے جس میں تیز بارش، بجلی گرنے اور 30 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چلنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اس کے بعد 27 سے 30 جون تک مسلسل بارش کے آثار ہیں۔ 27 اور 29 جون کو پھر سے گرج-چمک کے ساتھ برسات ہوگی۔ وہیں 28 اور 30 جون کو بادلوں سے گھِرے آسمان کے ساتھ درمیانی بارش کا امکان ہے۔
اس دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 سے 34 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم 26 سے 27 ڈگری سیلسیس تک بنا رہے گا۔ یکم جولائی کو بھی موسم میں کوئی بڑی تبدیلی نہیں دکھائی دے رہی ہے۔ گرج-چمک کے ساتھ بارش اور 85 فیصد تک کی نمی بنی رہے گی۔
دوسری طرف ہماچل پردیش میں بدھ کو بادل پھٹنے، اچانک آئے سیلاب اور شدید بارش کی وجہ سے دو لوگوں کی موت ہو گئی جبکہ 20 کے بہہ جانے کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے پانچ ضلعوں چمبا، منڈی، شملہ اور سرمور کے کچھ حصوں میں جمعرات شام تک سیلاب کے خطرے کی وارننگ دی ہے۔ وہیں راجستھان کے مشرقی حصوں میں بھی مانسون کی تیز بارش کا دور جاری ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں سب سے زیادہ 190 ملی میٹر بارش بانس باڑا کے سلّوپٹ میں ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ریاست میں بارش کا دور ابھی بھی جاری رہے گا۔
گجرات میں مانسون نے گزشتہ 24 گھنٹوں میں جم کر قہر برپا کیا ہے۔ یہاں کئی مقامات پر سیلاب کا پانی گھروں میں داخل ہو گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے اگلے کچھ دنوں تک بارش جاری رہنے کی وارننگ دی ہے۔ آئی ایم ڈی کے مطابق 26 سے 28 جون تک پورے گجرات میں بارش، گرج اور بجلی کے ساتھ مانسون کا اثر بنا رہے گا۔ ضلع انتظامیہ کو آبی جماؤ، اچانک سیلاب اور نقل و حمل اور بنیادی ڈھانچے میں رکاوٹ پیدا ہونے کے اندیشے کے پیش نظر چوکس رہنے کو کہا گیا ہے۔
کشمیر کے کئی حصوں میإں بدھ کو ہوئی بارش کے بعد لوگوں نے گرمی سے راحت حاصل کی جبکہ سری نگر جیسے کچھ مقامات پر جون میں گزشتہ رات سب سے زیادہ درجہ حرارت درج کیا گیا۔ مقامی محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ تک کشمیر کے کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی بارش اور گرج کے ساتھ چھینٹیں پڑنے کے ساتھ موسم عام طور پر ابر آلود رہے گا۔ کچھ مقامات پر ہفتہ اور پیر کے درمیان بارش اور گرج کے ساتھ ہلکی بارش کا امکان ہے۔
وہیں جموں میں ایس ڈی آر ایف کی ٹیم نے شدید بارش کے بعد اچانک آئے سیلاب کی وجہ سے توی ندی میں پھنسے کئی لوگوں کو بچایا۔ یہ لوگ اچانک آئے سیلاب کی وجہ سے ندی کے اندر پھنس گئے تھے۔ جیسے ہی اس کی اطلاع آس پاس کے لوگوں کو ملی انہوں نے پولس کو مطلع کیا۔ جس کے بعد بچاؤ دستہ نے موقع پر پہنچ کر ان لوگوں کو بچانے کا کام شروع کیا۔ رسی کی مدد سے ایک ایک کرکے ان لوگوں کو بچایا گیا۔ کُل 9 لوگوں کی جان بچائی گئی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔