چنڈی گڑھ میں بی جے پی پنجاب کے دفتر کے قریب بدھ (یکم اپریل) کو ہونے والے دھماکہ سے علاقے میں خوف و ہراس کا ماحول ہے۔ چنڈی گڑھ میں بی جے پی چنڈی گڑھ اور بی جے پی پنجاب کے 2 الگ الگ دفاتر ہیں۔ یہ حملہ بی جے پی پنجاب کے دفتر کے باہر ہوا ہے، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ پولیس اس دھماکہ کی ہر زاویے سے جانچ کر رہی ہے اور سیکورٹی ایجنسیاں بھی الرٹ ہو گئی ہیں۔
اس درمیان دھماکہ کی ذمہ داری لیتے ہوئے خالصتانی شدت پسند سکھجندر سنگھ ببّر نے ایک بیان جاری کیا ہے۔ اس نے سوشل میڈیا پر جاری ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’یہ حملہ یکم اپریل 2026 کو کیا گیا اور اس کا مقصد ہندوستانی سسٹم کو پیغام دینا تھا۔‘‘ اس حملہ کو پنجاب بی جے پی کے قائم مقام صدر اشونی کمار شرما سے بھی جوڑ کر دیکھا جا رہا ہے۔ دراصل حملہ سے قبل ہی اشونی شرما بدھ کی صبح دفتر سے دہلی ایک پروگرام کے لیے روانہ ہو گئے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ 15 دن قبل پنجاب پولیس نے انہیں محتاط رہنے اور عوامی پروگراموں سے دور رہنے کا مشورہ دیا تھا۔
بہرحال، چنڈی گڑھ میں پنجاب بی جے پی دفتر کے باہر ہونے والے دھماکہ پر مرکزی وزیر ایس پی سنگھ بگھیل نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ’’یہ افسوسناک بات ہے۔ جمہوریت میں تشدد کی کوئی جگہ نہیں ہے۔ اگرچہ یہ کم شدت کا دھماکہ تھا، لیکن ایجنسیاں اسے سنجیدگی سے لے رہی ہیں۔ یقیناً پولیس اور دیگر ایجنسیاں اس کی تحقیقات کریں گی اور قصورواروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ یہ حملہ بدھ کی شام چنڈی گڑھ کے سیکٹر-37 میں بی جے پی پنجاب کے دفتر کے باہر دیسی بم جیسی ایک چیز سے کیا گیا تھا۔ موٹر سائیکل پر سوار 2 حملہ آور دفتر کے باہر پہنچے تھے۔ ایک نے بم پھینکا تھا جبکہ دوسرا اس واردات کی ویڈیو بنا رہا تھا۔ بم پھینکتے ہی دھماکہ ہوا اور دونوں موقع سے فرار ہو گئے۔ پنجاب کی سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کنوردیپ کور نے صحافیوں کو بتایا کہ ’’ابتدائی طور پر ایسا لگتا ہے کہ ایک چھوٹا بم پھینکا گیا جو کہ دیسی معلوم پڑتا ہے۔‘‘ دھماکہ بہت زیادہ شدید نہیں تھا، تاہم اس کی آواز سے آس پاس کے علاقے میں خوف پھیل گیا۔ خوش قسمتی سے اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ حالانکہ عمارت کے باہر کھڑے ایک اسکوٹر اور ایک کار کو نقصان ضرور پہنچا ہے۔ حملہ کے بعد پورے شہر میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا اور بی جے پی دفتر کو خالی کرا لیا گیا۔ چنڈی گڑھ پولیس نے موقع پر پہنچ کر پورے علاقے کو سیل کر دیا۔
اس واقعہ کی جو ویڈیو سامنے آئی ہے، اس میں 2 ملزمین کو بم پھینکتے دیکھا جا سکتا ہے۔ دونوں نے ہیلمٹ پہن رکھا تھا۔ موٹر سائیکل پر پیچھے بیٹھا ملزم اچانک اترتا ہے اور نیلے رنگ کی گرینیڈ جیسی چیز پھینکتا ہوا نظر آتا ہے۔ پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے حملہ آوروں کی شناخت شروع کر دی ہے اور دونوں کی تلاش جاری ہے۔ پولیس کے ساتھ ساتھ نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) اور فارنسک ٹیم نے بھی تحقیقات شروع کر دی ہے۔ چنڈی گڑھ پولیس ذرائع کے مطابق فارنسک جانچ سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ دیسی بم کا حملہ ہو سکتا ہے، جسے گن پاؤڈر ملا کر تیار کیا گیا ہو۔ اس حملہ کے خلاف ایکسپلوسیوز ایکٹ اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام ایکٹ (یو اے پی اے) کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔

































