
اسلام آباد: پاکستان کے صنعتی شہر فیصل آباد میں جمعہ کی صبح ملِک پور کے نزدیک ایک فیکٹری میں خوفناک دھماکہ ہوا جس نے پورے علاقے کو دہلا دیا۔ ابتدائی معلومات کے مطابق دھماکے کی بنیادی وجہ گیس کا اخراج تھا، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے فیکٹری سمیت ارد گرد کی عمارتوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اس المناک حادثے میں کم از کم 15 افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جبکہ متعدد زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیے گئے۔
مقامی میڈیا کے مطابق دھماکہ صبح تقریباً 5 بج کر 28 منٹ پر اس وقت ہوا جب متعلقہ فیکٹری میں اچانک گیس جمع ہونے کے باعث آگ بھڑک اٹھی اور پھر خوفناک دھماکے میں تبدیل ہو گئی۔ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ فیکٹری کی عمارت مکمل طور پر منہدم ہو گئی جبکہ آس پاس کے کم از کم سات گھروں کی چھتیں اور دیواریں بھی گر گئیں۔






