
راہل گاندھی نے اپنے ایکس (سابق ٹوئٹر) پوسٹ میں لکھا کہ ’’گرو نانک دیو کی رحم دلی، محبت، اخوت اور ’سربت دا بھلا‘ یعنی سب کے بھلے کی تعلیمات ہم سب کے لیے ہمیشہ رہنمائی کا ذریعہ رہیں گی۔ ان کے اصول پوری انسانیت کے لیے ایک روشنی کا مینار ہیں جو ہمیں ہم آہنگی اور خدمت کے راستے پر چلنے کی تحریک دیتے ہیں۔ آپ سب کو گرو پورب کی لاکھ لاکھ بدھائیاں۔‘‘
ملکارجن کھڑگے نے اپنے پیغام میں کہا کہ گرو نانک دیو کے شاشوت (ابدی) علم نے نہ صرف سکھ دھرم کی بنیاد رکھی بلکہ انسانیت کو یکجہتی، ہمدردی، نِسوارتھ سیوا (بغیر کسی لالچ کے خدمت) اور مساوات کی راہ بھی دکھائی۔ انہوں نے کہا کہ جیسا کہ گرو نانک دیو نے فرمایا تھا، ’’رحم دلی اور انکساری ہی انسان کے اصل زیور ہیں۔‘‘ کھڑگے نے اپیل کی کہ اس مقدس موقع پر ہم سچائی، امن، محبت اور سب کے بھلے کے اصولوں کو اپنا کر ان کی تعلیمات کو عملی جامہ پہنائیں۔






