گروگرام کے ساؤدرن پیریفرل روڈ (ایس پی آر) پر ایک بڑا حادثہ ٹل گیا ہے۔ یہاں کی سروس روڈ پر کھائی جیسی گہرائی والے بنے گڈھے میں ایک وزنی ٹرک دھنس گیا۔ یہ وہی جگہ ہے جہاں تقریباً 15 روز قبل سیور لائن ڈالنے کا کام مکمل ہوا تھا۔ انتظامیہ نے سیور کا کام مکمل ہونے کے ساتھ ہی روڈ بچھا دی، جبکہ مٹی جمنے میں کم از کم 30-20 دن کا وقت لگتا ہے۔ تیز بارش کے بعد سڑک کے نیچے کی مٹی نرم ہو گئی۔ ایسے میں جب ایک وزنی ٹرک اس راستے سے گزرا تو سڑک زمین کے ساتھ بیٹھ گئی اور ٹرک کا پچھلا حصہ گڈھے میں دھنس گیا۔ ڈرائیور نے مستعدی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹرک سے کود کر اپنی جان بچا لی۔
حادثہ کے بعد اب سوال یہ اٹھ رہا ہے کہ جب انتظامیہ کو معلوم تھا کہ حال ہی میں گڈھا بھرا گیا ہے اور مٹی کو جمنے میں وقت لگتا ہے تو اتنی جلد بازی میں سڑک کیوں بچھائی گئی؟ اگر سڑک بچھا دی گئی تو وہاں سے گزرنے والی بڑی اور وزنی گاڑیوں کو روکنے کے لیے کوئی وارننگ بورڈ کیوں نہیں لگائی گئی؟ قابل ذکر ہے کہ رواں سال مئی میں یہی سڑک تیز بارش کی وجہ سے 10 میٹر تک دھنس گئی تھی، جس کی وجہ سے گھنٹوں ٹریفک جام رہا تھا اور اس وقت بھی گڈھا بھرنے اور مرمت کے کام میں لاپرواہی کا معاملہ سامنے آیا تھا۔
دوسری جانب فرید آباد میں پٹرول پمپ کی دیوار گر گئی، جس کے ملبے میں 6 مزدور دب گئے۔ اس میں سے 2 کی موت ہو گئی ہے جبکہ 4 شدید طور پر زخمی مزدور اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ یہ واقعہ پلول نیشنل ہائی وے-19 کے پاس واقع سوفٹا گاؤں کے قریب ایک پٹرول پمپ کا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ تمام مزدور کانپور کے رہنے والے ہیں، کسی پرائیویٹ کمپنی میں ڈیوٹی کے لیے جا رہے تھے اسی دوران یہ اندوہناک حادثہ پیش آیا۔ حادثہ کے بعد موقع پر پہنچی پولیس نے معاملہ کی اطلاع مرنے والوں اور زخمیوں کے اہل خانہ کو دی۔
اس معاملہ کے تحقیقاتی افسر ونیت کمار کے مطابق جیسے ہی پولیس کو اس واقعہ کے بارے میں اطلاع موصول ہوئی وہ اپنی ٹیم کے ساتھ جائے وقوع پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو ریسکیو کرنے کے بعد انہیں فریدآباد کے ہی بادشاہ خان سِول اسپتال میں علاج کے لیے بھیج دیا۔ اسپتال پہنچنے پر ڈاکٹروں نے 2 زخمیوں کو مردہ قرار دے دیا اور 4 زخمیوں کو دہلی کے صفدر جنگ اسپتال ریفر کر دیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔