وڈودرا: گجرات کے وڈودرا ضلع میں بدھ کو پیش آئے ایک المناک حادثے میں مہی ساگر ندی پر واقع گمبھیرا پل اچانک منہدم ہو گیا، جس کے نتیجے میں اب تک 13 افراد کی ہلاکت کی تصدیق ہو چکی ہے۔ یہ پل وڈودرا اور آنند اضلاع کو جوڑنے والا ایک اہم راستہ تھا۔ حادثے کے 24 گھنٹے گزر جانے کے باوجود راحت اور بچاؤ کا کام ہنوز جاری ہے۔
ضلع انتظامیہ کے مطابق، حادثے کے وقت پل پر کئی گاڑیاں اور لوگ موجود تھے۔ مقامی افراد نے بتایا کہ ایک زوردار آواز آئی اور پل کا ایک بڑا حصہ مہی ساگر ندی میں جا گرا۔ ابتدائی طور پر 10 ہلاکتوں کی اطلاع ملی تھی لیکن بعد میں تین اور لاشیں نکالی گئیں، جس کے بعد مجموعی تعداد 13 ہو گئی۔ زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں داخل کرایا گیا ہے، جن میں بعض کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔