
اپوزیشن کو اس بات پر اعتراض ہے کہ منریگا کا نام کیوں بدلا جا رہا ہے۔ جس تاریخی اسکیم کو ملک برسوں سے ’مہاتما گاندھی قومی دیہی روزگار گارنٹی اسکیم‘ کے نام سے جانتا رہا ہے، اس کے نام سے مہاتما گاندھی کو کیوں ہٹایا جا رہا ہے۔ مجھے بھی ابتدا میں اس پر کچھ افسوس ہوا تھا۔ ویسے بھی حکومت کی تجویز کردہ نئی اصطلاح ’وکست بھارت – روزگار اور آجیویکا گارنٹی مشن (دیہی)‘ خاصی اٹپٹی اور مصنوعی محسوس ہوتی ہے۔ انگریزی کے ایکرونم کو ذہن میں رکھ کر ہندی نام گھڑنے کے اس انداز میں مجھے میکالے کی بو آتی ہے۔
لیکن جب میں نے منریگا قانون کی جگہ لائے جانے والے نئے قانون کے مسودے کو غور سے دیکھا تو یہ احساس ہوا کہ حکومت نے شاید ٹھیک ہی کیا کہ اس نئی اسکیم سے مہاتما گاندھی کا نام ہٹا دیا۔ جب کسی اسکیم کی روح ہی باقی نہ رہے، جب اس کے بنیادی اصول ہی ختم کر دیے جائیں، تو محض نام بچا لینے کا کیا فائدہ؟






