
نئی دہلی میں دہلی کی متنازعہ شراب پالیسی سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں راؤز ایونیو عدالت نے سابق وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال اور عام آدمی پارٹی کے رہنما منیش سسودیا کو تمام الزامات سے بری کر دیا ہے۔ عدالت نے اپنے فیصلے میں واضح کیا کہ تحقیقاتی ایجنسی کی جانب سے پیش کیے گئے شواہد کمزور اور ناکافی ہیں، اس لیے محض الزامات کی بنیاد پر مقدمہ قائم نہیں رہ سکتا۔
عدالت نے سب سے پہلے محکمہ آبکاری کے سابق کمشنر کلدیپ سنگھ کو بری کیا، جن پر پالیسی کی تشکیل اور اس کے نفاذ میں بے ضابطگیوں کے الزامات عائد تھے۔ اس کے بعد منیش سسودیا کو راحت دی گئی اور آخر میں اروند کیجریوال کو بھی الزامات سے آزاد کرنے کا حکم سنایا گیا۔ فیصلے کے دوران عدالت نے کہا کہ چارج شیٹ میں کئی اہم نکات پر تسلی بخش مواد پیش نہیں کیا گیا۔






