
اسٹینڈ اَپ کامیڈین کنال کامرا۔ تصویر: ایکس
نئی دہلی: مہاراشٹرقانون ساز کونسل کی استحقاق کمیٹی ، جو ایکناتھ شندے کی 2022 کی بغاوت پر مبنی ایک پیروڈی گانے سے متعلق معاملے کی شنوائی کر رہی تھی، کے سامنے جمعرات (10 اپریل) کو اسٹینڈ اپ کامیڈین کنال کامرا نے نائب وزیر اعلیٰ کو مبینہ طور پر’ غدار‘کہنے کے لیے معافی مانگنے سے انکار کر دیا۔
یہ تیسری بار تھا جب کامرا اس معاملے میں ودھان بھون میں پیش ہوئے۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے ایم ایل سی پروین داریکر نے مارچ 2025 میں ممبئی میں ان کے اسٹینڈ اپ شو’ نیا بھارت‘کا ویڈیو آن لائن آنے کے بعد ان کے خلاف کارروائی شروع کی تھی۔
اس شو میں ملک اور حکومت کی صورتحال پر اپنے سخت تبصروں کے لیے معروف کامرا نے کئی پیروڈی گانے پیش کیے۔ ان میں سے ایک 1997 کی بالی ووڈ فلم دل تو پاگل ہے کے گانے ’بھولی سی صورت‘کا ری میک تھا، جس میں مہاراشٹر کے 2022 کے سیاسی واقعات کا ذکر تھا۔ اسی پیش رفت میں شندے کی بغاوت کے باعث شیو سینا دو دھڑوں میں تقسیم ہو گئی تھی۔ بغیر نام لیے انہوں نے شندے کو’ غدار‘کہا تھا۔
گانے کے بول کچھ یوں تھے؛’تھانے کی رکشہ، چہرے پر داڑھی، آنکھوں پر چشمہ… ہائے… ایک جھلک دکھلائے، کبھی وہ گوہاٹی میں چھپ جائے؛ میری نظر سے تم دیکھو… وہ ایک غدار نظر آئے۔ وہ منتری نہیں دل بدلو ہے، اور کہا کیاجائے، جس تھالی میں کھائے اسی میں چھید کر جائے؛ منترالیہ سے زیادہ فڈنویس کی گود میں نظر آئے‘…
دی اسٹیٹس مین کی رپورٹ کے مطابق، اس گانے کی مقبولیت اتنی بڑھ گئی کہ ادھو ٹھاکرے کی قیادت والی شیو سینا کی رہنما سشما اندھارے نے بھی ایک پروگرام میں اسے گایا تھا۔ اس کے بعد داریکر نے کامرا اور اندھارے دونوں کے خلاف توہین کا نوٹس دیا۔
استحقاق کمیٹی نے کامرا سے ان کے گانے کے بول، اس کے مطلب اور اسے گانے کی نیت کے بارے میں سوال و جواب کیے۔
رپورٹ کے مطابق، کمیٹی نے کامرا سے مبینہ طور پر توہین آمیز تبصروں پر 24 سوال کیے، جن میں یہ بھی شامل تھا کہ کیا انہیں اپنے کیے پر افسوس ہے اور کیا وہ ’غیر مشروط معافی‘مانگنا چاہیں گے۔ کامرا نے واضح طور پر معافی مانگنے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ ایسی معافی مخلصانہ نہیں ہوگی۔
اس کے بعد کمیٹی نے کامرا سے کہا کہ وہ معافی کے معاملے پر اپنا موقف تحریری طور پر پیش کریں، جس کے بعد ان کے خلاف استحقاق کی خلاف ورزی کے نوٹس پر حتمی فیصلہ لیا جائے گا۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں بی جے پی ایم ایل سی پرساد لاڈ کے صحافیوں سے یہ کہنے کے جواب میں کہ ’اپنی غلطی سمجھانے کی کوشش کی‘اور’آئینی حقوق اور استحقاق کمیٹی کے اختیارات پر سوال اٹھائے‘، کامیڈین نے واضح کیا کہ انہیں اپنے کیے پر کوئی افسوس نہیں ہے اور انہوں نے معافی نہیں مانگی۔
Respected sir maybe there was a communication issue but the way I remmeber the last 3 questions of my cross examination this evening –
Do you feel remorse – No
Are you sorry about what you said- No
If you tender an unconditional apology this matter will be looked at differently… https://t.co/mrXP94WcCd— Kunal Kamra (@kunalkamra88) April 9, 2026
حالاں کہ، کامرا کا شو وائرل ہو گیا تھا، لیکن شیو سینا کے ارکان نے اس پر سخت ردعمل دیا تھا؛ انہوں نے اس کامیڈی کلب میں توڑ پھوڑ کی تھی جہاں یہ ویڈیو ریکارڈ کیا گیا تھا، جس کے باعث کلب کو کچھ وقت کے لیے بند کرنا پڑا۔ کامرا کے خلاف ایک ایف آئی آر بھی درج کی گئی تھی۔
استحقاق کمیٹی نے ابھی تک اپنا حتمی فیصلہ نہیں سنایا ہے اور امید ہے کہ کامرا کی جانب سے تحریری جواب ملنے کے بعد اس پر مزید غور کیا جائے گا۔






