
نیشنل ہیرالڈ، نوجیون اور قومی آواز کے ادبی پروگرام ادب نامہ کی تازہ خصوصی قسط اردو کے معتبر شاعر کرشن بہاری نورؔ کے فکری اور شعری جہان کے لیے وقف رہی، جس میں ان کی شاعری کے سماجی، اخلاقی اور فنی پہلوؤں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ قسط کی میزبانی عمران اے ایم خان نے کی، جبکہ اردو شاعری کے سنجیدہ قاری معین شاداب بطور مہمان شریک رہے۔
گفتگو کا مرکز کرشن بہاری نورؔ کی وہ شاعری رہی جسے سادگی، سچائی اور بناوٹ سے پاک اظہار کی مثال سمجھا جاتا ہے۔ پروگرام میں اس نکتے پر خاص طور پر زور دیا گیا کہ نورؔ کے یہاں سچ نہ بڑھا کر پیش کیا جاتا ہے اور نہ گھٹا کر، بلکہ وہ اپنے اصل وزن اور معنویت کے ساتھ سامنے آتا ہے۔ معین شاداب نے کہا کہ نورؔ کی شاعری میں تصنع یا خطیبانہ انداز کے بجائے ایک خاموش مگر گہرا اثر پایا جاتا ہے، جو قاری اور سامع دونوں کو دیر تک متاثر کرتا ہے۔






