
کانگریس نے ملک کی معیشت کی حالت اور بڑھتی ہوئی معاشی عدم مساوات کو سنگین مسئلہ قرار دیتے ہوئے منگل کے روز الزام لگایا کہ بی جے پی کی قیادت والی مودی حکومت کی جانب سے پیش کیے جا رہے معاشی اعداد و شمار کی ساکھ پر سنگین سوالات پیدا ہو چکے ہیں۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات میں ملک کو تشہیری سرخیوں کے بجائے ایماندار، شفاف اور قابلِ اعتماد ڈیٹا کی ضرورت ہے۔
پارٹی کے تحقیقاتی شعبے کے سربراہ راجیو گوڑا اور مواصلاتی شعبے میں تحقیقی امور کے انچارج امیتابھ دوبے نے معیشت کی صورت حال پر مبنی ایک رپورٹ جاری کی، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ معاشی ترقی کے سرکاری دعوے زمینی حقیقت سے میل نہیں کھاتے۔ ان کے مطابق ملک میں کارپوریٹ منافع میں اضافہ ضرور ہوا ہے، مگر عام شہریوں کے لیے روزگار کے مواقع اور سماجی تحفظ میں بہتری نظر نہیں آ رہی۔






