
نئی دہلی: سابق وزیر اعظم اندرا گاندھی کی برسی کے موقع پر آج کانگریس کی اعلیٰ قیادت نے ان کی یاد میں نئی دہلی کے ’شکتی استھل‘ پہنچ کر خراجِ تحسین پیش کیا۔ پارلیمانی پارٹی کی چیئر پرسن سونیا گاندھی، قائدِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی اور کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے اندرا گاندھی کی آخری آرام گاہ پر گلہائے عقیدت نذر کیے اور ان کی خدمات کو یاد کیا۔
کانگریس پارٹی کے آفیشل ایکس ہینڈل پر تینوں لیڈران کی تصاویر کے ساتھ الگ الگ پیغامات جاری کیے گئے۔ پارٹی نے لکھا کہ راہل گاندھی نے سابق وزیر اعظم کو ان کی برسی پر خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی ثابت قدم قیادت، نڈر مزاج اور عوام سے گہرے تعلق کو یاد کیا۔






