کھلے گڈھے میں گرنے سے لوگوں کی موت سسٹم کی لاپروائی کا ثبوت ہے، اور اس طرح کے معاملے اب لگاتار سامنے آ رہے ہیں۔ فروری کے ابتدا میں دہلی کے جنک پوری میں گڈھے میں گرنے سے کمل نامی نوجوان کی موت ہو گئی تھی اور روہنی سیکٹر-32 کے مین ہول میں گرنے سے برجو نے اپنی جان گنوا دی تھی۔ اب تازہ معاملہ کانپور دیہات سے سامنے آیا ہے، جہاں سڑک کنارے موجود گڈھے میں گرنے سے ایک موٹر سائیکل سوار کی موت ہو گئی ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ سسٹم کی لاپروائی کے سبب موٹر سائیکل سوار بجلی اہلکار کی جان چلی گئی، جو رات بھر کیچڑ میں پھنسا اپنی زندگی کے لیے جنگ لڑتا رہا۔ معاملہ کانپور دیہات کے شیولی کوتوالی علاقہ کے مرحمت آباد واقع بیلا-کانپور روڈ کا ہے جہاں تیز رفتار موٹر سائیکل بے قابو ہو کر سڑک کنارے کیچڑ بھرے گڈھے میں گر گئی۔ رات بھر کیچڑ میں پھنسے رہنے سے نوجوان کی موت ہو گئی۔ اس کی جانکاری ملتے ہی مہلوک کے گھر والوں میں ماتم پسر گیا۔ پولیس نے ایف آئی آر درج کر تفتیش شروع کر دی اور لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے۔
رسول آباد تھانہ حلقہ کے بھوانی پور گاؤں کا رہنے والا 27 سالہ دھیریندر کمار پنکی پاور ہاؤس میں پرائیویٹ ملازم تھا۔ بدھ کی علی الصبح وہ موٹر سائیکل سے اپنے گاؤں بھوانی پور جا رہا تھا۔ بیلا-کانپور سڑک پر شیولی کوتوالی علاقہ کے مرحمت آباد کے پاس تیز رفتار بائک بے قابو ہو کر گڈھے میں گر گئی۔ اس حادثہ میں دھیریندر بری طرح زخمی ہوا۔ وہاں سے گزرنے والے کچھ لوگوں نے اسے دیکھا اور پولیس کو خبر دی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس اور دھیریندر کے گھر والے جائے وقوع پر پہنچے۔ سنگین حالت میں اسے سی ایچ سی شیولی بغرض علاج بھیجا گیا۔ ڈاکٹروں نے جانچ کے بعد اسے مردہ قرار دے دیا۔ حادثہ کی خبر ملتے ہی سی ایچ سی پہنچے گھر والوں کو اس کی موت کی جانکاری ملی، جس سے کہرام مچ گیا۔
شیولی کوتوال پروین کمار سنگھ نے بتایا کہ ابتدائی جانچ میں پتہ چلا ہے کہ تیز رفتار بائک بے قابو ہو کر گڈھے میں گرنے سے حادثہ ہوا۔ متاثرہ کنبہ کی تحریری ملنے اور پوسٹ مارٹم رپورٹ آنے کے بعد آگے کی جانچ کی جائے گی۔ کچھ لوگوں نے جانکاری دی ہے کہ سڑک کنارے کیچڑ بھرے گڈھے میں گرے بائک سوار کو جب علی الصبح دیہی عوام نے دیکھا تو اسے بچانے بہت کوشش کی گئی۔ بائک کے نیچے دبے نوجوان کا پیرا ہلتا دیکھ کر گاؤں والوں نے پانی اور کیچڑ کے درمیان اتر کر بائک ہٹائی اور دھیریندر کو باہر نکالا۔ اس کے بعد دھیریندر کا منھ صاف پانی سے دھوا گیا اور پوا جلا کر اس کے جسم کو گرمی دی گئی۔ اسی درمیان پولیس کو بھی اس واقعہ کی جانکاری دی گئی۔ جب اسے اسپتال لے جایا گیا تو ڈاکٹروں نے مردہ قرار دے دیا۔ گاؤں والوں نے اس نوجوان کو بچانے کی بھرپور کوشش کی، لیکن یہ کوشش رائیگاں گئی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
































