احمد آباد: گجرات پولیس کی سائبر کرائم برانچ نے ملک بھر میں پھیلے ایک بڑے ’ڈیجیٹل اریسٹ‘ گھوٹالے کا پردہ فاش کیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ بین الاقوامی سطح پر منظم نیٹ ورک ہے، جس میں دبئی اور چین میں بیٹھے گروہ شامل ہیں۔ اس ریکٹ نے اب تک ملک بھر میں کروڑوں روپے کی سائبر ٹھگی کو انجام دیا ہے۔
احمد آباد کے جوائنٹ سی پی (کرائم) شرد سنگھل نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ابھی تک صرف ’سورت ماڈیول‘ کا انکشاف ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال جنوری میں احمد آباد سائبر کرائم برانچ نے 54 لاکھ روپے کی دھوکہ دہی کے ایک معاملے کی جانچ کے دوران اس گروہ کا سراغ لگایا تھا۔ اب تک اس نیٹ ورک سے جڑے 7 افراد کی شناخت ہو چکی ہے، جن میں سے کچھ کو پولیس نے حراست میں لیا ہے اور کچھ عدالتی حراست میں ہیں۔