گزشتہ گیارہ برسوں کے دوران اجیت ڈووال کی کیا حیثیت رہی ہے؟ بلاشبہ وہ اب تک کے سب سے طاقتور اور سب سے طویل عرصے تک خدمات انجام دینے والے قومی سلامتی کے مشیر (این ایس اے) رہے ہیں، جنہیں وزیر اعظم نریندر مودی کا مکمل اعتماد حاصل رہا ہے۔ قومی سلامتی اور عالمی تعلقات سے متعلق معاملات میں دونوں کی سوچ کافی حد تک یکساں ہے۔ وہ اپنی مرضی کے مطابق عوامی بیانیہ قائم کرتے ہیں اور نئے نئے ’افسانوی کردار‘ تخلیق کرنے میں دلچسپی لیتے ہیں۔
تاہم یہ مماثلتیں یہاں ختم ہو جاتی ہیں۔ مودی کی عمر 75 سال ہے، جبکہ ڈووال 80 برس کے ہیں (وہ دوسری جنگ عظیم کے دوران پیدا ہوئے تھے)۔ مودی ہمہ وقت خبروں میں رہتے ہیں، جبکہ ڈووال پردے کے پیچھے رہ کر فیصلے کرتے اور پالیسیاں طے کرتے ہیں، مگر عوامی سطح پر وہ کبھی ان کا دفاع کرتے نہیں دکھائی دیتے۔ پالیسی ناکامیوں یا بحرانوں کے لیے جواب دہی کا سوال آئے تو جواب ہمیشہ ’نہیں‘ میں ہوتا ہے۔