
نئی دہلی: امریکی ڈالر کے مقابلے ہندوستانی روپے کی تاریخی گراوٹ نے سیاسی حلقوں میں شدید بحث چھیڑ دی ہے۔ مسلسل کمزور ہوتی کرنسی پر کانگریس نے مرکز کی معاشی حکمتِ عملی پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ صورتِ حال حکومت کی ناکامی کی واضح دلیل ہے۔
کانگریس کی جنرل سکریٹری اور رکنِ پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے روپے کی قدر میں تیزی سے کمی پر سخت ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا، ’’جب منموہن سنگھ کے دور میں روپے کی قدر میں اتار چڑھاؤ آتا تھا تو بی جے پی اسے بڑا مسئلہ بنا دیتی تھی۔ آج جب روپیہ تاریخی نچلی سطح پر پہنچ چکا ہے تو حکومت کی خاموشی حیران کن ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ عوام کو بتایا جائے کہ آخر یہ گراوٹ کس پالیسی کا نتیجہ ہے؟






