ہماچل پردیش کے چمبا ضلع میں جمعرات کی دیر رات ایک دردناک سڑک حادثے میں 6 لوگوں کی موت ہو گئی۔ یہ حادثہ تیسا کے چنواس علاقے میں ہوا جہاں ایک کار بے قابو ہوکر 500 میٹر گہری کھائی میں جا گری۔ مرنے والوں میں 2 بچے، 2 خواتین اور 2 مرد شامل ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولیس دستہ موقع پر پہنچا اور مقامی لوگوں کی مدد سے راحت و بچاؤ کام شروع کیا۔ لاشوں کو کھائی سے نکال کر پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال بھیجا گیا۔ پولیس نے معاملہ درج کرکے حادثے کی وجوہات کی جانچ شروع کر دی ہے۔
مقامی لوگوں نے بتایا کہ کار شہوا کے قریب اچانک اپنا توازن کھو بیٹھی اور سیدھے کئی فٹ گہری کھائی میں گر گئی۔ حادثہ اتنا بھیانک تھا کہ کار پوری طرح سے تباہ ہو گئی اور اس میں سوار کسی کی بھی جان نہیں بچائی جا سکی۔ سبھی کی موت موقع پر ہی ہو گئی۔ مہلوکین کی شناخت راجیش کمار (40)، ہنسو (36)، آرتی (17)، دیپک (15)، راکیش کمار (44) اور ہیم پال (37) کے طور پر ہوئی ہے۔
چمبا کے ایس پی ابھیشیک یادو نے حادثے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ گزری رات لینڈ سلائڈ ہونے کی وجہ سے کار کھائی میں گر گئی۔ کار پر پہلے بڑا پتھر گرا، جس نے کار کو قریب 500 فٹ گہری کھائی میں دھکیل دیا۔
اس دردناک حادثے کی خبر ملتے ہی پورے علاقے میں سوگ کی لہر دوڑ گئی۔ مہلوکین کے گھروں میں کہرام مچ گیا اور پورا گاؤں ماتم میں ڈوب گیا۔ مقامی انتظامیہ نے متاثرین کنبوں کو ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔ وزیر اعلیٰ سکھوندر سنگھ سکھو اور سابق وزیر اعلیٰ جے رام ٹھاکر نے بھی حادثے پر اپنے گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔